وزیراعظم محمد نواز شریف کا یوم شہداءپولیس پر پیغام

163

اسلام آباد ۔ 4 اگست (اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کو آج بجا طور پر محفوظ تر اور مستحکم پاکستان کے طور پر دیکھا جا رہا ہے جبکہ پاکستانی قوم اپنی بے پناہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے اقوام عالم میں باوقار مقام حاصل کرنے کی راہ پر گامزن ہے۔ انہوں نے یہ بات یوم شہداءپولیس کے موقع پر اپنے پیغام میں کہی۔ وزیراعظم نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ ہمارا غیرمتزلزل قومی عزم ہے جو اپنی سرزمین سے دہشتگردی اور انتہاپسندی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے بہادر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اس جنگ میں بے شمار قربانیاں دی ہیں۔ وزیراعظم نے یوم شہداءپولیس کے موقع پر شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کو ان کی جرات مندانہ خدمات پر زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ناقابل فراموش قربانیاں ہماری آئندہ کی نسلوں کے لئے بلاشبہ پرامن پاکستان کی ضامن ہیں۔ پوری قوم شہداءاور ان کے خاندانوں کو سلام پیش کرتی ہے جو ہم سب کے لئے فخر اور وقار کا باعث ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن ہمیں اپنے ان ہیروز کی قابل قدر قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے اپنے خون سے جرات اور قربانی کی روشن تاریخ رقم کی۔ انہوں نے کہا کہ بہادر بیٹوں جنہوں نے قوم کے کل کے لئے اپنا آج قربان کیا، ہمارے محسن اور نجات دہندہ ہیں۔ ان شہداءکا مقدس لہو مادر وطن کے تحفظ اور دہشتگردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑنے کے ہمارے عزم کو زندہ رکھے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پولیس کے شہداءکے اہل خانہ بھی قومی مقصد کے لئے بے مثال قربانی پیش کرنے پر ہماری تحسین اور احترام کے مستحق ہیں۔