اسلام آباد ۔ 11 جنوری (اے پی پی) وزیراعظم کے مشیر برائے قومی تاریخ و ادبی ورثہ عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ ملک کے پہلے جدید ترین قومی عجائب گھر کا سنگ بنیاد رواں سال کے آخر تک رکھ دیا جائے گا، عجائب گھر کیلئے 3.24 ایکڑ زمین کے حصول کے بعد عجائب گھر کی ازسرنو ڈیزائننگ کی جا رہی ہے جبکہ تعمیراتی کام آئندہ سال شروع ہونے کی امید ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قومی خبر رساں ادارہ ”اے پی پی“ سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈویژن مصنفین، شاعروں اور ادبی شخصیات کی فلاح و بہبود کیلئے بھرپور انداز میں کام کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے دانشوروں کی حالیہ بین الاقوامی کانفرنس میں مصنفین، شاعروں اور ادیبوں کیلئے 50 کروڑ روپے انڈومنٹ فنڈ کا اعلان کیا ہے جبکہ مستحق مصنفوں اور شاعروں کیلئے ماہانہ وظیفہ پانچ ہزار سے بڑھا کر 13 ہزار کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔ اس سے 500 سے 1000 شخصیات مستفید ہو رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ مصنفین اور شاعروں کی لائف انشورنس سکیم سے مستفید ہونے والوں کی تعداد 354 سے 700 کر دی گئی ہے۔