وزیراعظم کے مشیر برائے قومی تاریخ و ادبی ورثہ عرفان صدیقی کا تقریب سے خطاب

94

اسلام آباد ۔ 28 فروری (اے پی پی) وزیراعظم کے مشیر برائے قومی تاریخ و ادبی ورثہ عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ خطاطی کے اسلامی فن کے فروغ کےلئے ”صوفی عبدالمجید پرویں رقم قومی مقابلہ حسن خطاطی نمائش“ فیصل آباد اورکوئٹہ میں بھی منعقد کریں گے۔ بدھ کو ”صوفی عبدالمجید پرویں رقم قومی مقابلہ حسن خطاطی ونمائش“ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے چھ روزہ مقابلہ اور نمائش میں حصہ لینے والوں کے جذبہ کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان خطاطوں کی مزید تربیت مقامی سطح پر کی جائے گی۔ ادارہ فروغ قومی زبان میں قائم شعبہ خطاطی ان نوجوانوں کو مفت تربیت دے گا۔ انہوں نے کہا کہ ترکی کے ساتھ ایک معاہدہ طے پایا ہے جس کے تحت قومی مقابلہ حسن خطاطی میںنمایاں کارکردگی دکھانے والے نوجوانوں کو مزید تربیت کے لئے ترکی بھجوایا جائے گا۔ اسلامی کانفرنس تنظیم (او آئی سی) کے ترکی میں اسلامی تاریخ و فن ثقافت کے فروغ کے ذیلی ادارہ (ارسیکا) کے تعاون سے ان خطاطوں کی تربیت عمل میں آئے گی۔