اسلام آباد ۔ 27 دسمبر (اے پی پی) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجواناں محمد عثمان ڈار کی صدارت میں ایک اعلی سطحی اجلاس میں پاکستانی نوجوانوں کو سماجی و اقتصادی طور پر باختیار بنانے کے لئے باہمی تعاون اور مشترکہ طور پر اتفاق کیا گیا ہے۔ جمعرات کو وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان کی زیر صدارت اجلاس میں خیبرپختونخوا کے امور نوجواں اور کھیلوں کے وزیر محمد عاطف خان، محمد تیمور خان بھٹی (پنجاب)، ہارون احمد خان سیکریٹری کھیل اور امور نوجواناں سندھ، وزیر اعظم پنجاب کے خصوصی مشیر ملک عمر فاروق، ڈائریکٹر جنرل کھیلوں اور نوجوانوں کے امور آزاد جموں و کشمیر خواجہ محمد نعیم بسمل اور نائب امور کے نائب امور گلگت بلتستان (جی بی) سلمیٰ عزیز نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں امور نوجوانان سے متعلق پہلی مرتبہ تمام صوبوں کے سٹیک ہولڈرز ایک جگہ جمع ہوئے ہیں۔ اجلاس کے انعقاد کا مقصد نوجوانوں کی ترقی کے لئے مشترکہ حکمت عملی ترتیب دینا ہے۔ اجلاس میں شریک صوبائی وزراءاور نمائندوں نے نیشنل یوتھ ڈویلپمنٹ فریم ورک کی تیاری کے لئے وزیراعظم کے مشیر برائے امور نوجوانان عثمان ڈار کی کاوشوں کو سراہا۔ عثمان ڈار نے اجلاس میں شریک تمام وزراءاور نمائندوں کا ان کی تجاویز اور نوجوانوں کی بہتری کے لئے وفاقی حکومت کے ساتھ مشترکہ کام کرنے کی خواہشمندی پر ان کا شکریہ ادا کیا۔