وزیراعلی مریم نواز کے مشیر صحت کا پنزکا دورہ،جدید طبی سہولیات کی فراہمی کا جائزہ لیا

138
Dr. Azhar Kayani
Dr. Azhar Kayani

لاہور۔19اکتوبر (اے پی پی):وزیراعلی مریم نواز کے مشیر صحت میجر جنرل (ر) ڈاکٹر اظہر کیانی نے پنجاب انسٹیٹیوٹ آف نیوروسائنز (پنز ) کا دورہ کیا،انہوں نے جدید طبی سہولیات کی فراہمی کا جائزہ لیتے ہوئے بتایا کہ نیورو سرجری جیسے پیچیدہ امراض کے لئے پنجاب حکومت اہم اقدامات اٹھار ہی ہے اور اس حساس شعبے میں ڈاکٹرزو پیرا میڈیکل سٹاف کی خدمات لائق تحسین ہیں،انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر کے عوام کو وزیراعلی کے ویژن کے مطابق صحت کی سہولیات مفت فراہم کی جا رہی ہیں جن میں دماغی اینوریسم (aneurysm)کے علاج،پیچیدہ دماغی سرجری اور ریڑھ کی ہڈی کا آپریشن شامل ہیں،

انہوں نے مزید کہاکہ آنے والے دنوں میں میڈیکل کے شعبے میں پنجاب حکومت مزید تبدیلیا ں اور بہتری متعارف کروائے گی جس سے عام آدمی کو ریلیف حاصل ہوگا،اس موقع پرایگزیکٹو ڈائریکٹر پی آئی این ایس پروفیسر ڈاکٹر آصف بشیر نے مشیر صحت ڈاکٹر اظہر کیانی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پنزمیں اسٹروک سنٹر قائم کیا گیاہے جو پنجاب بھر کے تمام اضلاع سے آنے والے مریضوں کو”رائونڈ دی کلاک” سہولیات فراہم کر رہا ہے، انہوں نے کہا کہ "پنز”اپنی خدمات کے اعتبار سے سٹیٹ آف دی آرٹ ادارہ ہے جہاں علا ج معالجے کے لئے جدید طبی سہولیات میسر اور ملک بھر سے مریض دماغی امراض کے لئے اس ادارے کو ترجیح دیتے ہیں،

پروفیسر آصف بشیر نے بتایا کہ ہم مریضوں کو بہترین علاج فراہم کرنے کے لیے پرعزم اورہمارا مقصد وزیراعلی پنجاب کے ویژن کے مطابق عوام کی خدمت کرنا ہے جس کے لئے ادارہ اپنے وسائل کے مطابق بہتر سے بہتر پلان کے ساتھ کام کر رہا ہے،

مشیر صحت ڈاکٹر اظہر کیانی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب صحت کی خدمات کو بہتر سے بہتر بنانے کے لیے ہمہ وقت کوشاں اور اس امر کو یقینی بنایا جا رہا ہے کہ عوام کو مفت و معیاری طبی سہولیات بلا امیتاز فراہم کی جا سکیں، انہوں نے یقین دلایا کہ مستقبل میں شعبہ صحت میں مزید ترقیاتی منصوبے متعارف کرائے جائیں گے تاکہ عوام کو صحت کی سہولیات میں مزید بہتری مل سکے،سینئر ڈاکٹرز و پیرا میڈیکل سٹاف نے مشیر صحت پنجاب ڈاکٹر اظہر کیانی کاحوصلہ افزائی پر خصوصی شکریہ ادا کیا۔