وزیرخزانہ اسحاق ڈارنے کمرشل بینکوں میں موجود زرمبادلہ تک حکومتی رسائی کے بے بنیاد پراپیگنڈہ کوسختی سے مستردکردیا

177
Ishaq Dar

اسلام آباد۔11جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات سینیٹرمحمداسحاق ڈارنے کمرشل بینکوں میں موجود زرمبادلہ تک حکومتی رسائی کے بے بنیاداورمذموم پراپیگنڈہ کوسختی سے مستردکرتے ہوئے کہاہے کہ ماضی میں ملک کوتباہ کرنے والے عناصرمذموم مقاصد کیلئے اس طرح کا پراپیگنڈہ کررہے ہیں جس میں کوئی حقیقت نہیں ۔

بدھ کواپنے ٹویٹس میں وزیرخزانہ نے کہاکہ سٹیٹ بینک اورکمرشل بینکوں کے پاس موجود زرمبادلہ ہمیشہ زرمبادلہ کے ذخائرکاحصہ ہوتے ہیں، حال ہی میں ، میں نے اسی اصول کے تحت زرمبادلہ کے اعدادوشمارکا حوالہ دیاتھا۔ وزیرخزانہ نے کہاکہ بعض مفاد پرست عناصر، جنہوں نے ماضی میں اس ملک کوتباہ کردیاتھا ، نے اس کو غلط رنگ دے کر ایک مہم شروع کی کہ جیسے حکومت کمرشل بینکوں کے پاس موجود زرمبادلہ کے ذخائر تک رسائی پرغورکررہی ہے جودرحقیقیت شہریوں کی ملکیت ہے۔

وزیرخزانہ نے اس بے بنیاد اورخلاف حقیقت مہم کی سختی سے تردید کی اوروضاحت کی کہ حکومت اس طرح کی کسی بھی اقدام پرغورنہیں کررہی ۔وزیرخزانہ نے کہاکہ شہریوں کو اس مزموم ، بے بنیاد اورخلاف حقائق پراپیگنڈہ کو نظرانداز کرنا چاہئیے۔وزیرخزانہ نے کہاکہ انشاء اللہ مستقبل قریب میں پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری آئیگی۔