اسلام آباد۔25جنوری (اے پی پی):وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے ضلع خیبرکے علاقے باغ میں خوارج کے خلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کے افسران و جوانوں کی پذیرائی کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجھ سمیت پوری قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، دہشتگردوں کے ملک میں انتشار و بد امنی پھیلانے کے ناپاک عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
ہفتہ کو وزیراعظم آفس کے پریس ونگ سے جاری بیان میں وزیرِ اعظم نے سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں دہشت گردوں کے سرغنہ سمیت 4 خوارج کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ملک سے دہشتگردی کے عفریت کے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے، مجھ سمیت پوری قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ دہشتگردوں کے ملک میں انتشار و بد امنی پھیلانے کے ناپاک عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔