وزیر اعظم عمران خان کا حالیہ دورہ دونوں ملکوں کے مابین دو طرفہ شراکت داری کو مزید مستحکم کریگا اور دورے کے بہت مثبت نتائج ہونگے ، ترجمان چینی وزارت خارجہ

46
امریکا چینی اداروں اور شہریوں پر بلاجواز جبربند کرے، چین

اسلام آباد ۔ 10 اکتوبر (اے پی پی) چین نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا حالیہ دورہ دونوں ملکوں کے مابین دو طرفہ شراکت داری کو مزید مستحکم کریگا اور دورے کے بہت مثبت نتائج ہونگے۔چینی وزارت خارجہ کے ترجمان جنگ شوانگ نے جمعرات کو بیجنگ میں معمول کے مطابق ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ چین وزیر اعظم عمران خان اور اعلیٰ چینی قیادت کے مابین ملاقاتوں کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ وزیر اعظم عمران خان کے حالیہ دورہ چین سے دونوں ملکوں کے درمیان دو طرفہ شراکت داری بلندیوں کی نئی سطح تک پہنچے کے اور درے کے مثبت نتائج ہونگے۔ترجمان نے کہا کہ صدر زی جن پنگ، وزیر اعظم لی کی چیانگ اور چیئرمین نیشنل پیپلز کانگریس لی شوان شو نے وزیر اعظم عمران سے ملاقاتیں کیں اور دو طرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ترجمان نے کہا کہ دونوں ممالک اعلیٰ سطح پر وفود کے تبادلوں اور قریبی سٹرٹیجک تعاون اور رابطوں کی اہمیت پر یقین رکھتے ہیں۔ترجمان کا کہنا ہے کہ دونوں ملکوں نے علاقائی امن و استحکام برقرار رکھنے کیلئے اقوام متحدہ،ایس سی او اور دیگر کثیرالجہتی فورمز پر تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔اقتصادی تعاون کے حوالے سے ترجمان نے کہا کہ فریقین نے اعلی معیار کو یقینی بناتے ہوئے سی پیک میں پیشرفت اور اسے بی آر آئی کے مثالی منصوبے میں تبدیل کرنے پر بھی اتفاق کیا۔ترجمان نے کہا کہ ہم انفراسٹرکچر، معیشت،تجارت اور دیگر شعبوں میں تعاون بھی بڑھائیں گے۔انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں نے انفراسٹرکچر بلڈنگ،لاءانفورسمنٹ،سیکورٹی،ثقافت،تعلیم اور میڈیا سمیت متعدد تعاون کے معاہدوں پر دستخط کئے۔