
اسلام آباد ۔ 13 مارچ (اے پی پی) وزیر اعظم عمران خان کی منظوری سے نیشنل ٹورازم کوارڈینیشن بورڈ اور بورڈ کے نوورکنگ گروپس تشکیل دے دیئے گئے۔ کابینہ ڈویژن نے نیشنل ٹورازم کوارڈینیشن بورڈ اور ورکنگ گروپس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ بورڈ سید ذوالفقار عباس بخاری، چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ، سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ، پنجاب، سندھ ،خیبرپختونخواہ، بلوچستان، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے سیاحت کے محکمے کے صوبائی وزارء یا صوبائی سیکرٹریز ،چیئرمین پاکستان ایسوسی ایشن آف ٹور آپریٹرز،چیئرمین ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن ،چیئر مین پاکستان ہوٹل ایسوسی ایشن پر مشتمل ہے۔ پرائیوٹ ممبران میں کامران لاشاری، علی اصغر، آفتاب الرحمان رانا، سراج الملک، ثمینہ بیگ،بہرام آواری، محمد ایوب بلوچ ، یاسر رفیق اور ذوالفقار علی شامل ہیں۔ ان کے علاوہ جوائنٹ سیکرٹری کابینہ ڈویژن بورڈ کے سیکرٹری کے فرائض سر انجام دیں گے۔ بورڈ میں وزارتِ خارجہ، ایوی ایشن ڈویژن، وزارتِ داخلہ، دفاع اور وزارتِ اطلاعات کے جوائنٹ سیکرٹریز بھی بورڈ میں متعلقہ وزارتوں کی نمائندگی کریں گے۔ وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز سید ذوالفقار عباس بخاری نیشنل ٹورازم کوارڈینیشن بورڈ کے قائم مقام چیئرمین کے فرائض سرانجام دیں گے۔ نیشنل ٹورازم کوارڈینیشن بورڈ صوبائی، قومی اور عالمی اداروں سے کوارڈینیشن کے فرائض سرانجام دے گا۔ ملکی سیاحتی استعداد کی مارکیٹنگ اور پروموشن بھی بورڈ کے فرائض میں شامل ۔ بورڈ اکنامک افئیر ڈویژن، سرمایہ کاری بورڈ اور دیگر اداروں کی کوارڈینیشن سے ٹورازم سیکٹر میں سرمایہ کاری لانے کے لئے کام کرے گا۔ بورڈمہمان نوازی و میزبانی( hospitality) کے شعبے میں کوالٹی اسٹینڈرز کے لئے ریگولیٹری فریم ورک بنانے میں صوبوں کی معاونت ، نیشنل ٹورازم کوارڈینیشن بورڈبین الاقوامی ایونٹس اور انٹرنیشنل ایکسپوز میں ملک کی نمائندگی کے سلسلے میں بھی کوارڈینیشن کے فرائض سر انجام دے گا۔ بورڈ صوبوں کے مابین سیاحت سے متعلقہ لائحہ عمل پر بات چیت کے لئے پلیٹ فارم مہیا کرے گا،نیشنل ٹورازم کوارڈینیشن بورڈ سیاحت کے شعبے میں صوبوں اور علاقوں کے باہم تعاون کو مستحکم کرنے کیفرائض سر انجام دے گا۔ بورڈ سیاحت کے شعبے میں صوبوں میں اداروں کے قیام کے سلسلے میں بورڈ صوبوں کو تکنیکی معاونت کرے گا۔ نیشنل ٹورازم کوارڈینیشن بورڈ سیاحت کے ضمن میں نئی ویزہ پالیسی اور این او سی قواعد و ضوابط پر عمل درآمد کے معاملات بھی دیکھے گا۔ تشکیل دیے جانے والے گروپس میںثقافت، ورثہ اور آثار قدیمہ کی سیاحت کا ورکنگ گروپ (Cultural, Heritage & Archeology Tourism Working Group)، ایکو ٹورازم ورکنگ گروپ،برینڈنگ اینڈ مارکیٹنگ ورکنگ گروپ، ریگولیٹری اینڈ پالیسی ریفارمز ورکنگ گروپ، مذہبی سیاحت ورکنگ گروپ، سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے ورکنگ گروپ، انفرا سٹرکچر اور سہولیات کے لئے ورکنگ گروپ، اینڈونچر ٹورازم ورکنگ گروپ، ٹرانس ہمالین جیپ ریلی ورکنگ گروپ (Trans Himalayan Jeep Rally Working Group) شامل ہیں۔ بورڈ کسی بھی مناسب شخصیت کو ورکنگ گروپ کا ممبر بنانے کا مجاز ہوگا۔