وزیر اعظم محمدشہباز شریف کی ترکیہ میں آنے والے زلزلے میں مدد کیلئے پاکستان ریسکیو ٹیم کوبھیجنے کی ہدایت

197

لاہور۔6فروری (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے ایمرجنسی سروسز اکیڈمی ریسکیو 1122 لاہور کی اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم کو جنوبی ترکیہ میں آنے والے زلزلے کے علاقوں میں سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن سرانجام دینے کی درخواست کی ہے۔اسی مناسبت سے نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے ڈاکٹر رضوان نصیر کمانڈر پاکستان ریسکیو ٹیم کی قیادت میں 52 ممبران کی سپیشلائزڈ سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم کو فوری ریسکیو مدد کیلئے تعینات کرنے کا حکم دیاہے۔

اس موقع پر وزیر اعلی نے جمہوریہ ترکیہ سے دلی دکھ اور انتہائی ہمدردی کا اظہار کیا جسے تباہ کن زلزلے سے بڑے انسانی اور مالی نقصانات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔کمانڈر پاکستان ریسکیو ٹیم ڈاکٹر رضوان نصیر نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پاکستان ریسکیو ٹیم جو کہ 52 ممبران پر مشتمل ہے کو زلزلے سے متاثرہ ترک شہریوں کوریسکیو کرنے کیلئے بھیجا جا رہا ہے۔ ٹیم کے پاس منہدم عمارتوں کے ملبے سے متاثرین کو تلاش کرنے اور فوری فرسٹ ایڈ اور طبی امداد کے ساتھ ساتھ ریسکیو کی ضروری،عملی اورتکنیکی مہارت موجود ہے۔

ڈاکٹررضوان نصیر نے پاکستان ریسکیو ٹیم کواعلی سطح کی تیاری اور پروفیشنل عملی مہارتوں کو برقرار رکھنے کی مستقل کوششوں کو سراہا۔ یہ ٹیم یونائیٹڈ نیشن انٹرنیشنل سرچ اینڈ ریسکیو ایڈوائزری گروپ کے رہنما خطوط کے مطابق قائم کی گئی ہے اور اس میں ٹیم کمانڈر، ٹیم لیڈر، ڈپٹی ٹیم لیڈر، پلاننگ و کوآرڈینیشن اور سرچ اینڈ ریسکیو کے اسکواڈ شامل ہیں۔اسکے علاوہ میڈیکل ٹیم، لاجسٹک ٹیم اور کمیونیکیشن ٹیم بھی موجود ہے۔کمانڈر پاکستان ریسکیو ٹیم نے مزید کہا کہ ریسکیو 1122 اور ایمرجنسی سروسز اکیڈمی کی سرچ اینڈ ریسکیو ٹیمیں انٹرنیشنل سرچ اینڈ ریسکیو ٹیموں کے ساتھ مسلسل تعاون اور رابطے میں ہے جسکی وجہ سے ٹیم مختلف تربیتی پروگرام اور مشقوں کی وجہ سے وقت کے تقاضوں کے مطابق کسی بھی قدرتی آفت پر قومی یا بین الاقوامی سطح پر رسپانس کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

قبل ازیں ٹیم کمانڈر ڈاکٹر رضوان نصیر نے تمام متعلقہ فوکل پرسنز کے ساتھ رابطہ کیا اور ٹیم لیڈر ڈاکٹر محمد فرحان خالد کوتیاری اور دوسرے ونگز کی مدد کا کہا۔ ٹیم لیڈر نے ٹیم کوزلزلہ کی موجودہ صورتحال، لاجسٹک ضروریات، سیفٹی اورعالمی صورتحال سے آگاہ کیا اورتمام ممبران مکمل تیاری کیلئے احکامات دئیے۔ٹیم کی تیاری کا تین گھنٹے کے بعد معائنہ کیا گیا تاکہ ٹیم انٹرنیشنل رسپانس اور یو این انسراگ کی مروجہ گائیڈ لائن کے مطابق اپنے ترک بھائیوں کی مدد کر سکے،ٹیم کے آپریشن کی اپڈیٹ ریسکیو انفارمیشن ونگ میڈیا کے ساتھ وقتا فوقتا شیئر کرتا رہے گا۔