وزیراعظم محمد شہباز شریف کا بین الاقوامی معلوماتی ویب سائٹ ویکی پیڈیا فوری بحال کرنے کا فیصلہ ، قابلِ اعتراض مواد ہٹانے کے لئے 5 رکنی کمیٹی تشکیل

وزیراعظم محمد شہباز شریف

اسلام آباد۔6فروری (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بین الاقوامی معلوماتی ویب سائٹ ویکی پیڈیا فوری بحال کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے قابلِ اعتراض مواد ہٹانے کے لئے 5 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ۔ پیر کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری ڈاکٹر توقیر شاہ کے دستخطوں سے نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا۔

بیان کے مطابق وزیراعظم نے یہ فیصلہ تین رکنی وزارتی کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں کیا۔ تین رکنی کمیٹی قانون وانصاف، معاشی و سیاسی امور اور اطلاعات ونشریات کے وفاقی وزرا پر مشتمل تھی ۔ وزارتی کمیٹی نے اجلاس منعقد کیا اور معاملے کا جائزہ لے کر قرار دیا کہ ویکی پیڈیا مفید معلوماتی ویب سائٹ ہے،طالب علم، محققین اور معاشرے کے دیگر طبقات اس سے استفادہ کرتے ہیں ، پوری ویب سائٹ بند کرنا مناسب نہیں ،قابل اعتراض مواد کو ہٹانے کے اقدامات کئے جائیں ۔

بیان کے مطابق انفارمیشن ٹیکنالوجی کے وفاقی وزیرکمیٹی کے سربراہ ہوں گے ،قانون وانصاف، اطلاعات ونشریات، کامرس اور کمیونیکیشن کے وفاقی وزراء کمیٹی کے دیگر ارکان میں شامل ہیں ۔ ضرورت کے مطابق کسی ماہر کو کمیٹی میں شامل کیا جا سکتا ہے، کمیٹی ایک ہفتے میں وفاقی کابینہ کو رپورٹ پیش کرے گی ۔ کمیٹی پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے ویکی پیڈیا تک رسائی مکمل بند کرنے کے اقدام کا جائزہ لے گی ۔

کمیٹی اقدامات تجویز کرے گی تاکہ قابل اعتراض مواد پر پابندی اور اس تک رسائی کو روکا جا سکے ۔کمیٹی مذہبی طور پر حساس، مقدس اور ہمارے کلچر کے منافی مواد پر پابندی کے لئے طریقہ کار تجویز کرے گی ۔ وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کمیٹی کو سیکریٹیریل خدمات فراہم کرے گی۔