پہاڑ پور میں نہر میں شگاف پڑنے کے باعث علاقے میں ہنگامی صورتحال پیدا ہو گئی جس پر پاک فوج کی جانب سے فوری امدادی و ریلیف کارروائیاں جاری ہیں
ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل پہاڑ پور میں نہر میں شگاف پڑ گیا، افواجِ پاکستان کی بروقت امدادی و ریلیف کارروائیاں

مزید خبریں
اسلام آباد۔15ستمبر (اے پی پی):پہاڑ پور میں نہر میں شگاف پڑنے کے باعث علاقے میں ہنگامی صورتحال پیدا ہو گئی جس پر پاک فوج کی جانب سے فوری امدادی و ریلیف کارروائیاں جاری ہیں۔تفصیلات کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل پہاڑ پور میں چشمہ رائٹ بینک کینال میں شگاف پڑ گیا تھا۔نہر میں اس وقت تقریباً 3800 کیوسک پانی بہہ رہا تھا جس کے باعث تقریباً 100 سے 150 فٹ چوڑا شگاف پڑ گیا۔شگاف پڑنے سے قریبی دیہات اور آبادیوں میں پانی داخل ہونے کے باعث شدید متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا۔
افواجِ پاکستان کے چاق و چوبند دستے فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے اور اس وقت ہنگامی امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔ پہاڑ پور کی آبادی کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لئے دو کیمپ قائم کر دیئے گئے ہیں جبکہ مویشیوں اور دیگر جانوروں کو بھی محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے اقدامات جاری ہیں۔پاک فوج کے دستے متاثرہ آبادی کے انخلا، ریلیف اور دیگر ہنگامی اقدامات میں مصروفِ عمل ہیں۔







