خواتین کو ڈرائیونگ میں خود کفیل بنانا وومن ایمپاورمنٹ کا اہم ذریعہ ہے، ناصر جاوید رانا

چیف ٹریفک آفیسر فیصل آباد ناصر جاوید رانا نے کہا ہے کہ خواتین کو ڈرائیونگ میں خود کفیل بنانا وومن ایمپاورمنٹ کی جانب اہم قدم ہے

فیصل آباد۔ 15 ستمبر (اے پی پی):چیف ٹریفک آفیسر فیصل آباد ناصر جاوید رانا نے کہا ہے کہ خواتین کو ڈرائیونگ میں خود کفیل بنانا وومن ایمپاورمنٹ کی جانب اہم قدم ہے، اس سے خواتین میں اعتماد اور خودمختاری پیدا ہونے کے ساتھ عملی زندگی میں آگے بڑھنے کے مزید مواقع بھی پیدا ہوتے ہیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار پولیس خدمت مرکز میں قائم سٹی ٹریفک پولیس فیصل آباد کے ڈرائیونگ سکول سے کامیابی سے کورس مکمل کرنے والی خواتین میں اسناد اور سرٹیفکیٹس تقسیم کرتے ہوئے کیا۔

ناصر جاوید رانا نے تربیت مکمل کرنے والی خواتین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس کی جانب سے خواتین کو ڈرائیونگ کی معیاری اور عملی تربیت کی فراہمی وومن ایمپاورمنٹ کی جانب اہم اقدام ہے جبکہ محفوظ ڈرائیونگ، ٹریفک قوانین کی پابندی اور ذمہ دارانہ رویہ ہر شہری کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے خواتین کی محتاط اور ذمہ دارانہ ڈرائیونگ کو سراہتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کی۔ کورس مکمل کرنے والی خواتین نے عملی ڈرائیونگ تربیت فراہم کرنے پر سٹی ٹریفک پولیس فیصل آباد کا شکریہ ادا کیا۔