وائس چانسلر یونیورسٹی آف سیالکوٹ پروفیسر میریٹورئس ڈاکٹر محمد خلیق الرحمن (اعزازِ کمال) کے وژن اور سرپرستی میں، ڈاکٹر عامر اقبال کی نگرانی و رہنمائی میں، شعبہ اردو، یونیورسٹی آف سیالکوٹ کے زیرِ اہتمام اوپن ہاؤس 2026 کا انعقاد کیا گیا
شعبہ اردو یونیورسٹی آف سیالکوٹ کے زیرِ اہتمام اوپن ہاؤس 2026 کا انعقاد
سیالکوٹ۔ 15 ستمبر (اے پی پی):وائس چانسلر یونیورسٹی آف سیالکوٹ پروفیسر میریٹورئس ڈاکٹر محمد خلیق الرحمن (اعزازِ کمال) کے وژن اور سرپرستی میں، ڈاکٹر عامر اقبال کی نگرانی و رہنمائی میں، شعبہ اردو، یونیورسٹی آف سیالکوٹ کے زیرِ اہتمام اوپن ہاؤس 2026 کا انعقاد کیا گیا۔ اس پروقار تقریب کا مقصد اردو زبان و ادب کی ضرورت و اہمیت کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ شعبہ اردو کی تدریسی، تحقیقی اور ہم نصابی سرگرمیوں کو نمایاں کرنا اور طلبہ کی علمی و تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا تھا۔تقریب کے آغاز میں شعبہ اردو، یونیورسٹی آف سیالکوٹ کا جامع تعارف پیش کیا گیا جس میں شعبے کی تدریسی و تحقیقی سرگرمیوں، طلبہ کی علمی و ادبی تربیت اور مستقبل کے منصوبوں پر روشنی ڈالی گئی۔ بعد ازاں ،شعبے کی مختلف تعلیمی، ادبی اور ہم نصابی سرگرمیوں پر مبنی خصوصی ویڈیوز پیش کی گئیں جن کے ذریعے شعبہ اردو کی متحرک علمی و ادبی سرگرمیوں کو اجاگر کیا گیا۔اس موقع پر شعبہ اردو کے سابق طلبہ نے بھی اپنے تجربات اور شعبے سے وابستہ اپنی یادوں اور کامیابیوں کا تذکرہ کیا۔
ان کے تاثرات نے موجودہ طلبہ کے لیے حوصلہ افزائی کا باعث بننے کے ساتھ ساتھ اردو زبان و ادب کی تعلیم کے وسیع امکانات کو بھی اجاگر کیا۔تقریب کا مرکزی حصہ ’’اردو زبان کی ضرورت و اہمیت‘‘ کے موضوع پر منعقد ہونے والی خصوصی پینل ڈسکشن تھی۔ اس نشست میں معروف ناول نگار خالد فتح محمد (ستارۂ امتیاز) اور پرنسپل مرے کالج ڈاکٹر مہر الیاس نے اردو زبان کی عصری تدریسی، ادبی، تہذیبی اور سماجی اہمیت پر اظہارِ خیال کیا۔مقررین نے اس امر پر زور دیا کہ اردو محض رابطے کی زبان نہیں بلکہ ہماری تہذیبی شناخت، فکری روایت اور ادبی ورثے کی امین ہے۔ موجودہ دور میں اردو زبان کو جدید تعلیمی، تحقیقی اور ٹیکنالوجی کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا اور نئی نسل میں اس کے فروغ کے لیے مؤثر اقدامات کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔تقریب کے دوران عارف علوی نے اپنے خوب صورت اور مزاحیہ اشعار پیش کرکے حاضرین کو محظوظ کیا اور تقریب کی علمی و ادبی فضا کو مزید خوشگوار بنا دیا۔تقریب کے اختتام پر معزز مہمانانِ گرامی کو شیلڈز جبکہ طلبہ میں ان کی شرکت اور کاوشوں کے اعتراف میں اسناد تقسیم کی گئیں۔
اس موقع پر ڈین فیکلٹی آف ہیومینٹیز اینڈ سوشل سائنسز، پروفیسر ڈاکٹر نوید جمیل ملک نے شعبہ اردو، یونیورسٹی آف سیالکوٹ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے تمام معزز مہمانان، اساتذہ، طلبہ اور منتظمین کا شکریہ ادا کیا۔اوپن ہاؤس 2026 شعبہ اردو، یونیورسٹی آف سیالکوٹ کی جانب سے اردو زبان و ادب کے فروغ، تدریس، تحقیق اور تخلیقی سرگرمیوں کے حوالے سے ایک اہم اور بامقصد کاوش ثابت ہوا۔ اس تقریب نے اردو زبان و ادب کے روشن مستقبل کے عزم کو مزید مضبوط کیا اور نئی نسل کو اپنی زبان، تہذیب اور ادبی ورثے سے جوڑنے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔








