ہرنائی میں حاملہ خواتین اور بچوں کی صحت و نگہداشت بارے سیمینار کا انعقاد

ہرنائی میں حاملہ خواتین اور بچوں کی صحت و نگہداشت بارے سیمینار کا انعقاد

کوئٹہ۔ 15 ستمبر (اے پی پی):محکمہ صحت ہرنائی کے زیر اہتمام سول ہسپتال ہرنائی میں حاملہ خواتین اور بچوں کی صحت و نگہداشت سے متعلق ہفتہ وار آگاہی مہم کے سلسلے میں سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار کی قیادت ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (ڈی ایچ او) ہرنائی شعیب اکرم مینگل نے کی سیمینار میں ضلاعی انتظامیہ، طبی ماہرین اور مختلف فلاحی تنظیموں کے نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی، جن میں اسسٹنٹ کمشنر ہرنائی اسرار احمد شاہوانی، ایم ایس سول ہسپتال ڈاکٹر سیف اللہ مری اور ڈاکٹر محمد گل ترین نمایاں تھے۔

اس موقع پر سماجی و طبی شعبے سے وابستہ اہم شخصیات، بشمول انڈس ہسپتال کے شامیر بلوچ، نجیب اللہ ترین، ڈی ایس وی غلام فاروق ترین، پی پی ایچ آئی کے نمائندے مجاہد اور چنگیز خان، الائیڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے مسعود خان، ڈی ایم یو انچارج غلام یزدانی اور نیشنل پروگرام کے سید ہدایت شاہ نے بھی شرکت کی۔تقریب میں نرسنگ اور میڈیکل اسٹاف کی نمائندگی کرتے ہوئے باجی شمیم (انچارج مڈ وائفری ٹیوٹر)، باجی فرزانہ (پرنسپل مڈ وائفری) اور باجی انیلہ نواز (ایل ایچ ایس) نے بالخصوص شرکت کی اور اپنے خیالات کا اظہار کیا۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے ماں اور بچے کی صحت کی بنیادی اہمیت اور دورانِ حمل و پیدائش کے بعد کی ضروری تدابیر پر تفصیلی روشنی ڈالی۔

مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ دیہی اور دور دراز علاقوں میں دورانِ حمل بروقت طبی معائنہ، متوازن غذا اور ماہر مڈوائف کی خدمات حاصل کرنا نوزائیدہ بچوں اور ماؤں کی اموات کی شرح کو کم کرنے کے لیے انتہائی ضروری ہے۔ڈی ایچ او شعیب اکرم مینگل اور دیگر شرکاء نے عزم کا اظہار کیا کہ اس طرح کی ہفتہ وار آگاہی مہمات کو مسلسل جاری رکھا جائے گا تاکہ عوام میں طبی شعور کو مزید فروغ دیا جا سکے اور علاقے میں صحت عامہ کی سہولیات کی بہتری کو یقینی بنایا جا سکے۔