منیجنگ ڈائریکٹر ستھرا پنجاب راولپنڈی و سی ای او رانا ساجد صفدر نے مختلف علاقوں کا دورہ کرکے صفائی اور نکاسی آب کے انتظامات کا جائزہ لیا
راولپنڈی میں موسلادھار بارش، ستھرا پنجاب کی ٹیمیں متحرک، صفائی و نکاسی آب آپریشن جاری

مزید خبریں
راولپنڈی۔ 15 ستمبر (اے پی پی):منیجنگ ڈائریکٹر ستھرا پنجاب راولپنڈی و سی ای او رانا ساجد صفدر نے مختلف علاقوں کا دورہ کرکے صفائی اور نکاسی آب کے انتظامات کا جائزہ لیا۔رانا ساجد صفدر کی ہدایات پر ورکرز نے نشیبی علاقوں، اہم شاہراہوں، بازاروں اور دیگر مقامات پر بارش کے دوران صفائی آپریشن جاری رکھا۔
ڈرینز اور نالیوں سے رکاوٹیں دور کرنے، ڈی سلٹنگ اور جمع شدہ ویسٹ اٹھانے کا عمل بھی تیزی سے جاری رہا تاکہ پانی کے نکاس میں کسی قسم کی رکاوٹ پیدا نہ ہو۔ایم ڈی نے فیلڈ ٹیموں کو ہدایت کی کہ بارش کے دوران شہریوں کو فوری ریلیف کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور نکاسی آب سے متعلق شکایات پر فوری کارروائی کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ شہریوں کو ریلیف دینا ہماری اولین ترجیح ہے، تمام فیلڈ ٹیمیں صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ متعلقہ ادارے باہمی رابطے اور تعاون کے ساتھ بارش کے اثرات سے نمٹنے اور شہریوں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں،صورتحال مکمل طور پر معمول پر آنے تک ستھرا پنجاب کی ٹیمیں فیلڈ میں مکمل الرٹ رہیں گی اور صفائی و نکاسی آب کا آپریشن بلا تعطل جاری رکھا جائے گا۔








