چکسواری(اسلام گڑھ)۔ 04 جولائی (اے پی پی) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور ڈاکٹر آصف کرمانی نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے عوام 21 جولائی کو کرپٹ ، راہزن اور عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے والوں کا بوریا بستر گول کر دینگے۔ پیپلز پارٹی کے پانچ سالہ دور میں آزاد کشمیر کے عوام سے احسان فراموشی ، نا انصافی اور وعدہ خلافی کی گئی ۔ جو پیسہ وفاق نے آزاد کشمیر کو دیا اسے ترقی پر خرچ کیا جاتا تو آزادکشمیر دنیا کے نقشے پر رول ماڈل ہوتا۔ کشمیر میں برسراقتدار لوگوں کے اخلاقی جرائم کی فہرست طویل ہے اور آزاد کشمیر کا چپہ چپہ مجید حکومت کی کرپشن کی داستانیں سنا رہا ہے ۔ آزاد کشمیر میں چوہدری عبدالمجید کی حکومت نے نہ صرف عوام کے اعتماد کو ٹھیس پہنچائی بلکہ تحریک آزادی کشمیر کو بھی نقصان پہنچایا ۔ چوہدری مجید ووٹ مانگنے کی بجائے عوام سے معافی مانگیں اور سیاست چھوڑ دیں ورنہ نوارشریف کے شیر انہیں ہمیشہ ہمیشہ کے آزاد کشمیر کی سیاست میں دفن کرینگے۔ عوام کے دکھوں کا مداوا کرنا مداخلت ہے تو ہم یہ مداخلت بار بار کرینگے۔ بلے اور تیر والے ماضی کا حصہ بن چکے، 21جولائی ان تمام قوتوں کے خلاف یوم بغاوت ہوگا جنہوں نے عوام کو مسائل کے سوا کچھ نہیں دیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام گڑھ چکسواری میں مسلم لیگ (ن)آزاد کشمیر کے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر آصف کرمانی نے کہا کہ کارکنوں کا جوش و خروش دیکھ کر میرے دل سے آواز نکلی ہے کہ آزاد کشمیر میں کرپٹ راہزن اور عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے والوں کا بوریا بستر گول ہوگیا ہے۔