اسلام آباد۔23جنوری (اے پی پی):وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے اجلاس میں شرکت کے لئے پیر کو تاشقند پہنچ گئے۔ وزیر خارجہ (ای سی او) کی 26 ویں وزارتی کونسل کے اجلاس میں شرکت کررہے ہیں جو ازبکستان کے دارالحکومت تاشقند میں ہورہا ہے۔ کانفرنس کا تھیم ”رابطے کو مضبوط بنانے کا سال“ ہے۔ دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری وزارتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کریں گے ۔ اس موقع پر رکن ممالک کے وزراءاور دیگر مندوبین سے دو طرفہ ملاقاتیں کریں گے۔
کونسل آف منسٹرز اقتصادی تعاون تنظیم کا پالیسی ساز فورم ہے جو تنظیم کے فیصلوں اور سالانہ ورک پلان کی منظوری دیتا ہے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ اقتصادی تعاون تنظیم کا 25 واں وزارتی کونسل اجلاس نومبر 2021 میں اشک آباد ترکمانستان میں منعقد ہوا تھا۔ پاکستان ایک بانی رکن کے طور پر اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے لیے پرعزم ہے جس کا مقصد مواصلات، تجارت، ثقافت اور رابطوں پر خصوصی توجہ کے ساتھ موثر علاقائی تعاون کو فروغ دینا ہے۔