وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور کینیڈا کی وزیر خارجہ میلانی جولی کے درمیان ویڈیو لنک کے ذریعے رابطہ

233
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور کینیڈا کی وزیر خارجہ میلانی جولی کے درمیان ویڈیو لنک کے ذریعے رابطہ

اسلام آباد۔17اگست (اے پی پی):وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان اور کینیڈا کے تجارتی تعلقات میں مزید فروغ وقت کی ضرورت ہے، پاکستان اور کینیڈا کے تعلقات کی تاریخی نوعیت ہے، افغانستان کے لئے کینیڈا کی انسانی بنیادوں پر مدد خوش آئند ہے۔

دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے یہ بات بدھ کو کینیڈا کی وزیر خارجہ میلانی جولی کے ساتھ ویڈیو لنک کے ذریعے گفتگو کے دوران کیا۔ کینیڈا کی وزیر خارجہ نے پاکستان کی وزارت خارجہ کا منصب سنبھالنے پر بلاول بھٹو زرداری کو مبارک باد دی۔

کینیڈا کی وزیر خارجہ نے پاکستان کے قیام کی ڈائمنڈ جوبلی کی تکمیل کے موقع پر اپنے پاکستانی ہم منصب بلاول بھٹو زرداری سے گفتگو کرتے ہوئے دونوں ممالک کے تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جانے کے عزم کا اظہار کیا۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور کینیڈا کی وزیر خارجہ میلانی جولی نے عالمی اور علاقائی تعلقات پر بھی تفصیلی بات چیت کی۔ وزیرخارجہ اور ان کی کینیڈا کی ہم منصب نے کثیرالجہتی تعلقات کو مزید مضبوط کرنے پر بھی اتفاق کیا۔