وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت اقتصادی سفارتکاری کے حوالے سے اہم اجلاس

71

اسلام آباد۔10فروری (اے پی پی):اقتصادی سفارتکاری کے حوالے سے اہم اجلاس وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت جمعرات کو وزارت خارجہ میں منعقد ہوا۔اجلاس میں سیکرٹری خارجہ سہیل محمود ،سپیشل سیکرٹری خارجہ رضا بشیر تارڑ، سعودی عرب کیلئے پاکستان کے نامزد سفیر امیر خرم راٹھور اور وزارت خارجہ کے سینئر افسران نے شرکت کی۔

نیویارک اور جنیوا میں پاکستان کے مستقل مندوبین ایمبیسڈر منیر اکرم اور ایمبیسڈر خلیل ہاشمی اور امریکہ میں پاکستان کے سفیر ایمبیسڈر اسد مجید نے بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شرکت کی۔اس کے علاوہ واشنگٹن کیلئے پاکستان کے نامزد سفیر سردار مسعود خان نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان کے معاشی استحکام کیلئے، ہم نے اقتصادی ترجیحاتی ایجنڈے پر توجہ مرکوز کر رکھی ہے،اقتصادی سفارت کاری ہمارا ترجیحی ایجنڈا ہے۔انہو نے کہا کہ ہماری حکومت نے پہلی مرتبہ جامع قومی سیکورٹی پالیسی وضع کی۔ہماری قومی سیکورٹی پالیسی کا فوکس، اقتصادی ترجیحات پر عملدرآمد اور اقتصادی اہداف کے حصول پر ہے۔

وزیر خارجہ نے اقتصادی سفارت کاری کو موثر انداز میں آگے بڑھانے کیلئے سینئر سفراء کی جانب سے سامنے آنے والی تجاویز کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے وژن کی روشنی میں وزارتِ خارجہ میں اقتصادی سفارت کاری ڈویژن کے جلد قیام کے لئے پر عزم ہیں۔