وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کا سنگجانی انٹرچینج (ایم ون موٹروے) کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب

111
APP80-27 RAWALPINDI: January 27 - Interior Minister Ch. Nisar Ali Khan addressing the gathering after inauguration of AWT Sangjani Interchange. APP

اسلام آباد ۔ 27 جنوری (اے پی پی) وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ فیصلے چوکوں اور چوراہوں پر نہیں بلکہ عدالتوں اور پارلیمان میں ہوتے ہیں، داخلی انتشار اور خلفشار کا شکار قومیں ترقی نہیں کر سکتیں، عام پاکستانی غلط روش کے خلاف اپنی آواز بلند کرے، کرپشن کے خلاف نعرے لگا کر عوام کو بےوقوف بنایا جا رہا ہے، حکومت شاہراہیں، انٹرچینج بنا کر عوام کی زندگی میں آسانی لا رہی ہے، تلخی، محاذ آرائی، گالم گلوچ اور تشدد کو روکنا ہو گا۔ جمعہ کو یہاں سنگجانی انٹرچینج (ایم ون موٹروے) کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ ایم ون موٹروے پر سنگجانی انٹرچینج سے نہ صرف اے ڈبلیو ٹی اور دیگر سوسائٹیوں کے مکینوں بلکہ اس علاقہ کے تمام لوگوں کو فائدہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل دھرنے، محاذ آرائی، دھمکیاں، گالم گلوچ اور دیواریں کھڑا کرنا نہیں بلکہ سڑکیں، انٹرچینج بنانا اور عوام کی زندگی میں آسانی لانا اور ان کیلئے نئے راستے کھولنا ہے، نئے انٹرچینجز کھولنے سے نہ صرف ان علاقوں کے عوام کی رسائی بہتر ہو گی بلکہ ان کے ذریعے عوام اور صوبوں کے مابین رابطے استوار ہوں گے اور وہ قریب آئیں گے۔