وزیر مملکت برائے خزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا کی قومی اسمبلی سے بجٹ 2022-23ء کی منظوری پر سپیکر و اراکین کو مبارکباد

105

اسلام آباد۔29جون (اے پی پی):وزیر مملکت برائے خزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا نے قومی اسمبلی سے بجٹ 2022-23ء کی منظوری پر سپیکر و اراکین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ صاحب ثروت لوگوں پر لگایا جانے والا ٹیکس خودانحصاری کی جانب پہلا قدم ہے، اس کا کریڈٹ آئی ایم ایف کو نہ دیا جائے، اس ٹیکس سے حاصل آمدن اپنے عوام پر خرچ کریں گے، بجٹ اجلاس کے دوران خدمات سرانجام دینے والے قومی اسمبلی اور سینٹ سیکرٹریٹ کے ملازمین اور دیگر اداروں کے ملازمین کے لئے 5 بنیادی تنخواہیں بطور اعزازیہ دینے کا اعلان کرتی ہوں۔

بدھ کو قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی کی وجیہہ اکرم نے بجٹ کی منظوری پر حکومت کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ نامساعد اور مشکل حالات میں متوازن بجٹ دیا گیا ہے، ہمیں قوم بن کر سوچنا چاہیے کہ بیرونی قرضوں ، لوڈشیڈنگ اور دیگر مسائل سے کس طرح چھٹکارا پایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ کے عمل میں قومی اسمبلی کے عملے نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔

انہوں نے اے پی پی، پی ٹی وی، ریڈیو پاکستان اور معاون اداروں کے ملازمین کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے بجٹ سیشن میں جانفشانی سے فرائض سرانجام دیئے۔ وفاقی وزیر شازیہ مری نے بجٹ کی منظوری پر وزیر خزانہ اور وزیر مملکت برائے خزانہ کو مبارکباد دی اور کہا کہ مشکل اور چیلنجنگ حالات میں متوازن بجٹ دیا گیا ہے۔ اگر بجٹ کا گزشتہ بجٹس سے مقابلہ کیا جائے تو اس میں کافی بہتری ہے۔

انہوں نے کہا کہ بجٹ کے دوران پارلیمنٹ کے عملہ اور معاون اداروں کے ملازمین کے لئے صرف اعزازیہ کا اعلان نہ کیا جائے بلکہ اس اعزازیہ کی ادائیگی کو بھی یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کے عملے کے لئے جو یونیفارم بنایا گیا ہے کہ وہ موسمی لحاظ سے موزوں نہیں ہے اس حوالے سے اجلاس بلایا جائے تاکہ یونیفارم میں تبدیلی کے لئے اقدامات کئے جاسکیں۔

غلام مصطفی شاہ نے کہا کہ دو سال پہلے بجٹ کے موقع پر جس آنریریم کا اعلان کیا گیا تھا وہ بروقت نہیں ملا تھا ، میں حکومتی یقین دہانی کمیٹی کا رکن ہوں، ہم نے دو میٹنگز بلائیں، ایک ذیلی کمیٹی بھی بنائی گئی اور چار ماہ بعد اعزازیہ دیا گیا لیکن پی ٹی وی نے پھر بھی اعزازیہ نہیں دیا۔ مولانا عبدالاکبر چترالی نے کہا کہ بجٹ منظور ہوا ہے اور وہ حکومت کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بجٹ سے عوام کو مہنگائی کا سامنا کرنا پڑے گا، جب تک ہم خودانحصاری قائم نہیں کریں گے ہمارے مسائل اسی طرح رہیں گے۔ وفاقی وزیر مرتضیٰ جاوید عباسی نے بجٹ کی منظوری پر حکومت، سپیکر، ڈپٹی سپیکر اور اسمبلی کے عملہ کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ وزیراعظم کی خودانحصاری کے وژن کی طرف ایک قدم ہے۔ انہوں نے متوازن بجٹ پیش کرنے پر وزیر خزانہ کو مبارکباد دی اور کہا کہ جو مشکل فیصلے کئے گئے ہیں قوم نے اس کی تائید کی ہے۔

انہوں نے بجٹ سیشن میں فرائض سرانجام دینے والے اداروں کے ملازمین کے لئے پانچ اعزازیہ دینے کا مطالبہ بھی کیا اور کہا کہ نجی ٹی وی چینلز کے ملازمین کے لئے اعزازیے کے حوالے سے سپیکر کو رولنگ دینی چاہیے۔ مرتضی جاوید عباسی نے پارلیمنٹ کے افسران کے لئے ایگزیکٹو الائونس کا بھی مطالبہ کیا۔

وزیر مملکت برائے خزانہ عائشہ غوث پاشا نے کہا کہ وہ بجٹ اجلاس کے کامیاب انعقاد اور اس کی منظوری تک کے عمل کو بطریق احسن انجام دینے پر سپیکر، اراکین قومی اسمبلی اور سٹاف کا شکریہ ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ آئندہ مالی سال کے بجٹ کو آئی ایم ایف کا بجٹ کہتے ہیں ان کے لئے عرض ہے کہ ہم خودداری کی بات کر رہے ہیں اور یہ لوگ اسے آئی ایم ایف کا بجٹ قرار دے رہے ہیں۔ ہم نے صاحب ثروت لوگوں پر ٹیکس لگایا ، یہ ٹیکس آئی ایم ایف کو نہیں جائے گا بلکہ اپنے عوام پر خرچ ہوگا۔ اس پر ہمیں فخر کرنا چاہیے۔ ہم ایک خوددار قوم ہیں، ہم نے خودانحصاری کی طرف پہلا قدم اٹھایا ہے۔ اس کا کریڈٹ آئی ایم ایف کو نہ دیں۔

انہوں نے قومی اسمبلی ، سینٹ سیکرٹریٹ کے ملازمین اور پاکستان ٹیلی ویژن، ریڈیو پاکستان، ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان کے بجٹ کوریج پر مامور سٹاف کے لئے پانچ اعزازی تنخواہوں کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح دیگر سرکاری اداروں کے گریڈ 17 سے اوپر کے افسران کو ایگزیکٹو الائونس دیا جارہا ہے اسی طرح سینٹ اور قومی اسمبلی کو بھی یہ ملنا چاہیے۔

خورشید احمد جونیجو نے بجٹ کی منظوری پر سپیکر اور حکومت کو مبارکباد دی۔ انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے ان کی ایک جعلی ویڈیو زیرگردش ہے، اس کا نوٹس لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ دھاندلی کے الزامات کے حوالے سے الیکشن کمیشن نے نوٹس لیا ہے اور سچائی قوم کے سامنے آجائے گی۔ کشور زہرا نے بھی حکومت کو مبارکباد دی اور کہا کہ مفتاح اسماعیل، ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا اور ان کی ٹیم نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔