کچھ شہروں میں کورونا کی مثبت شرح 3.5 فیصد تک پہنچ گئی ہے ، حکومت صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے،وفاقی وزیر عبدالقادر پٹیل کی پریس کانفرنس

حکومت ٹی بی کے خاتمے کیلئے پر عزم ہے، ملک بھر میں ٹی بی کا مفت علاج کیا جاتا ہے ،وزیر صحت عبدالقادر پٹیل

اسلام آباد۔29جون (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے نیشنل ہیلتھ سروسز، ریگولیشنز اینڈ کوآرڈینیشن عبدالقادر پٹیل نے معیاری آپریٹنگ طریقہ کار (ایس او پیز) پر عمل کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے جس میں عوامی مقامات پر ماسک پہننا بھی شامل ہے تاکہ کوویڈ 19 سے خوفزدہ ہوئے بغیر وائرس سے انفیکشن کو روکا جا سکے۔

ایگزیکٹو ڈائریکٹر نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ ڈاکٹر عامر اکرام کے ہمراہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ کچھ شہروں میں کورونا کی مثبت شرح 3.5 فیصد تک پہنچ گئی ہے لیکن خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ حکومت صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں محتاط رہنا ہوگا کیونکہ مثبت تناسب میں معمولی اضافہ ایک بڑا المیہ بن سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کوویڈ کی شدت میں کمی آئی ہے لیکن یہ خطرہ ابھی تک مکمل طور پر ختم نہیں ہوا ہے، کوویِڈ کے پھیلاؤ کے امکانات روشن تھے کیونکہ اگلے چند مہینوں کے دوران ملک میں مذہبی اجتماعات بہت زیادہ ہوں گے جن میں عیدالاضحیٰ کے دوران مویشی منڈیوں کا آغاز، سیاسی اجتماعات اور محرم الحرام کے اجتماعات شامل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن سے کہا جا رہا ہے کہ وہ انتخابی مہم کے دوران ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنائے۔

انہوں نے میڈیا پر زور دیا کہ وہ کووڈ-19 کے پھیلاؤ سے بچنے کے لئے ماسک پہننے، سماجی فاصلہ برقرار رکھنے اور سینیٹائزر کے استعمال کے لئے آگاہی مہم شروع کرنے میں حکومت کی مدد کریں۔انہوں نے کہا کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) روزانہ کی بنیاد پر صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے، حکومت پہلے ہی پبلک ٹرانسپورٹ، ہوائی جہازوں اور ریلوے میں ماسک پہننے کو لازمی قرار دے چکی ہے، حکومت نے تمام چیف سیکرٹریز کو ہدایت کی ہے کہ وہ لوگوں کے کووڈ ٹیسٹ شروع کریں تاکہ مہلک وائرس کے پھیلاؤ سے متعلق اصل صورتحال کا پتہ چل سکے۔

انہوں نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ 85 فیصد سے زائد آبادی کو پہلے ہی ویکسین لگائی جا چکی ہے جبکہ روزانہ کی بنیاد پر ملک میں لوگوں کو 10 لاکھ سے زائد بوسٹر شاٹس لگائے جا رہے ہیں۔ وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ اگلے ایک سے 2 ماہ میں 5 سے 12 سال کی عمر کے بچوں کو قطرے پلانے کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، 12 سال تک کے بچوں کے لئے 6.8 ملین فائزر ڈوز کا انتظام کیا جا رہا ہے۔