وزیر مملکت برائے مواصلات مراد سعیدکی میڈیا کو بریفنگ

64

اسلام آباد ۔ 27 نومبر (اے پی پی) وزیر مملکت برائے مواصلات مراد سعید نے تحریک انصاف کی حکومت کے 100 روزہ ایجنڈا کے حوالہ سے وزارت مواصلات میں اہداف کے حصول کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ این ایچ اے کو کرپشن سے پاک ادارہ بنانے کیلئے 6 شاہراتی منصوبوں میں 73 ارب 2 کروڑ روپے کی زائد ادائیگیوں کے خصوصی آڈٹ کرائے گئے، ریونیو میں 3 ارب 72 کروڑ کا اضافہ کیا گیا، شاہانہ پروٹوکول کیلئے استعمال کی جانے والی 20 کروڑ 88 لاکھ 49 ہزار مالیت سے زائد کی 202 گاڑیاں نیلام کی گئیں، قبضہ مافیا سے ایک ارب 59 کروڑ 60 لاکھ روپے مالیت کی 2 ہزار 214 کنال محکمہ کی اراضی واگزار کرائی گئی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو این ایچ اے ہیڈ کوارٹرز میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ مراد سعید نے کہا کہ کرپشن کے خاتمہ اور شفاف پاکستان کیلئے ای ٹینڈرنگ، ای بلنگ کا نظام متعارف کراتے ہوئے موبائل ایپلیکیشن کا اجراءکیا گیا، ملک کو سرسبز بنانے کیلئے وسیع پیمانے پر شجرکاری کی گئی، محکمہ کے کرپٹ افسران سے کروڑوں روپے کی برآمدگیاں کی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ سو دن کے ایجنڈے کیلئے این ایچ اے اور وزارت مواصلات کی ٹیم خصوصی خراج تحسین کی مستحق ہے جنہوں نے مقررہ اہداف 70 دن میں مکمل کرنے کیلئے دن رات محنت کی، کرپشن کو ختم کرنا ہمارا خواب تھا جس کیلئے ہم نے بنیاد رکھ دی ہے۔