وفاقی وزیرفواد چوہدری اور صوبائی وزیر عنصر مجید خان کی زیر صدارت پی سی ایس آئی آر میں اجلاس

65
ہم منظم مافیا کا سامنا کر رہے ہیں، ٹرانسپرینسی انٹرنیشنل کی بے سروپا رپورٹ میں ایسے قصے جوڑے گئے کہ کرپٹ اپوزیشن کی بھی جرات ہوئی کہ حکومت پر تنقید کرے، وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین کا ٹویٹ

لاہور۔27مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری اور صوبائی وزیر لیبر عنصر مجید خان کی زیر صدارت ہفتہ کے روزپی سی ایس آئی آر آفس لاہور میں اجلاس منعقد ہوا،پنجاب ورکرز ویلفیئر بورڈ اور کامسٹس یونیورسٹی کے مابین معاہدے کو حتمی شکل دینے کیلئے اجلاس کا انعقاد کیا گیا، اس موقع پرکامسٹس میں مزدوروں کے بچوں کیلئے 30 فیصد کوٹہ برقرار رکھنے پر اتفاق اورکامسٹس یونیورسٹی سے ملحقہ زمین پر اسپیشل اکنامک زون بنانے کا فیصلہ کیا گیا، وفاقی وزیر فواد چوہدری نے 50 ایکڑ زمین پر آئی ٹی اور جدید ٹیکنالوجی سے وابستہ صنعتوں کیلئے اسپیشل اکنامک زون بنانے کی تجویز دی۔

انہوں نے کہا کہ اسپیشل اکنامک زون سے حاصل ہونے والی آمدنی یونیورسٹی کی ڈویلپمنٹ پر خرچ کی جائے گی،اسپیشل اکنامک زون نہ صرف صنعتی ترقی میں معاون ہو گا بلکہ روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے،اسپیشل اکنامک زون کے قیام کیلئے وزارت صنعت و تجارت سے بات کریں گے۔صوبائی وزیرعنصر مجید کی جانب سے کوٹہ میں اضافے کی تجویز بھی اجلاس میں زیر غور لائی گئی ۔

صوبائی وزیر لیبر عنصر مجید خان نے کہا کہ ورکرز کے کوٹہ اور سکالرشپس کی تعداد سے متعلق کامسٹس یونیورسٹی کی انتظامیہ اور محکمہ لیبر معاملات طے کریں گے،پنجاب ورکرز ویلفیئر بورڈ مزدوروں کے بچوں کو ملک کے بہترین اداروں میں تعلیم فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کامسٹس میں ورکرز کوٹہ پر تعلیم حاصل کرنے والے طلبا کو سالانہ 32 کروڑ سے زائد کی سبسڈی دی جا رہی ہے، ورکرز ویلفیئر فنڈ کی صوبوں کو منتقلی کے بعد پنجاب میں ہنگامی بنیادوں پر بہتری کیلئے کام کر رہے ہیں۔

عنصر مجید نے کہا کہ مزدوروں اور ان کے اہل خانہ کو تعلیم ، صحت کی بہترین سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں،ٹیلنٹ سکالرشپ میں شفافیت لانے کیلئے تمام پراسس کو کمپیوٹرائزڈ کیا جا رہا ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ کامسٹس یونیورسٹی پاکستان کا بہترین تعلیمی ادارہ ہے جہاں مزدوروں کے بچے بھی تعلیم حاصل کر رہے ہیں،وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق مزدوروں کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف دو نہیں ایک پاکستان کے خواب کو حقیقت بنانے کیلئے پر عزم ہے،مزدوروں کے پیسے کو انکی فلاح و بہبود پر خرچ کیا جا رہا ہے۔