وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے شانگلہ میں نادرا رجسٹریشن سینٹر کا افتتاح کر دیا

53
وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے شانگلہ میں نادرا رجسٹریشن سینٹر کا افتتاح کر دیا

پشاور۔ 06 جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے امور کشمیر ، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام نے ہفتہ کو شانگلہ کے علاقے پورن میں جدید ترین نادرا رجسٹریشن سینٹر کا افتتاح کردیا۔ دورے کے دوران وفاقی وزیر نے سینٹر کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا جن میں خواتین، بزرگ شہریوں، معذور افراد اور عام عوام کے لیے مخصوص کاؤنٹرز اور سروس ڈیسک شامل تھے۔

انہوں نے عوام کی سہولت کے لیے کیے گئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انجینئر امیر مقام نے کہا کہ نادرا سینٹر مقامی عوام کا دیرینہ مطالبہ تھا، جسے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے پورا کیا ہے۔

انہوں نے حکومت کی مساوی ترقی اور عوامی فلاح و بہبود سے وابستگی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں معاشی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ امیر مقام نے حالیہ معاشی اور مالیاتی کامیابیوں کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ اسٹاک مارکیٹ میں بہتری، مہنگائی میں نمایاں کمی اور پاکستانی روپے کا امریکی ڈالر کے مقابلے میں استحکام، حکومت کی درست پالیسیوں کا نتیجہ ہیں۔ قومی سلامتی پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت کے بروقت اور مؤثر فیصلوں نے بھارت کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستان کے متوازن اور مضبوط ردعمل نے بین الاقوامی سطح پر ملک کا وقار بلند کیا ہے۔

کشمیر کے مسئلے پر پاکستان کا مؤقف دنیا بھر میں اصولی اور منصفانہ تسلیم کیا جاتا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف پر تنقید کرتے ہوئے انجینئر مقام نے کہا کہ پارٹی نے خیبر پختونخوا پر ایک دہائی سے زائد حکومت کی لیکن اپنے بلند و بانگ دعوؤں پر عملدرآمد میں ناکام رہی جیسے کہ ریاستِ مدینہ کا قیام، 50 لاکھ گھروں کی تعمیر اور 1 کروڑ ملازمتوں کی فراہمی۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی کی ناقص منصوبہ بندی اور بدانتظامی کے باعث تعلیم و صحت سمیت عوامی خدمات کا نظام تباہ ہوا۔ انہوں نے مزید الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی ایک بار پھر عاشورہ کے بعد احتجاج کی کال دے کر سیاسی انتشار پھیلانے کی کوشش کر رہی ہے تاکہ ریاستی اداروں پر دباؤ ڈال کر اپنے بانی کو رہا کروا سکے۔

انہوں نے کہا کہ عدالتیں آزاد اور خودمختار ہیں، جو بھی خود کو بے گناہ سمجھتا ہے وہ عدلیہ سے رجوع کرے۔ انجینئر مقام نے پی ٹی آئی قیادت کو ماضی کے احتجاجی مظاہروں میں اپنے کارکنوں کو تنہا چھوڑنے پر تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام پی ٹی آئی کی ناقص کارکردگی سے مایوس ہو چکے ہیں اور اب مسلم لیگ (ن) کی جانب مؤثر حکمرانی اور پنجاب جیسے روزگار کے مواقع کی امید رکھتے ہیں۔

انہوں نے حالیہ کرپشن اسکینڈلز اور سوات کے دلخراش واقعے کو خیبر پختونخوا میں بدانتظامی کی واضح مثالیں قرار دیا۔ مسلم لیگ (ن) کی سابقہ کارکردگی کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کے دور حکومت میں پاکستان نے 2016 میں آئی ایم ایف پروگرام سے نجات حاصل کی اور ملک بھر میں ایک جامع موٹروے نیٹ ورک کا آغاز کیا،

جو پشاور سے کراچی اور گوادر سے حیدرآباد تک پھیلا ہوا ہے۔ مذہبی اقدار پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے حضرت امام حسینؓ اور ان کے رفقاء کی شہادت کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ پوری امت مسلمہ ان کی قربانی کو عدل و حق کی راہ میں عظیم ترین قربانی تصور کرتی ہے۔