وفاقی وزیر بجلی اویس خان لغاری کا قومی اسمبلی میں توجہ دلاﺅ نوٹس پر اظہار خیال

اسلام آباد ۔ 20 نومبر (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے بجلی اویس خان لغاری نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت توانائی کے شعبہ میں انقلابی تبدیلیاں لا رہی ہے‘ اوور بلنگ کا خاتمہ کیا جائے گا‘ سفارش پر تقرر و تبادلے نہیں ہو سکیں گے‘ جس ایس ڈی او کی کارکردگی درست نہیں ہوگی وہ عہدے پر نہیں رہ سکے گا۔ جمعرات کو قومی اسمبلی میں شیر اکبر خان اور دیگر کے پیسکو کو تخفیف نقصانات ‘ توانائی اور تقسیم برقی توانائی کے فنڈز جاری نہ کئے جانے سے متعلق توجہ دلاﺅ نوٹس کے جواب میں وفاقی وزیر اویس احمد خان لغاری نے کہا کہ 2017ءمیں پیسکو کو کہا گیا تھا کہ اپنی ایڈیشنل ڈیمانڈ دے‘ ایک ارب روپے سے زائد اضافی مانگے گئے۔ بجٹ میں 8.6 ارب روپے کی ضرورت تھی، 2016-17ءکی دو ارب روپے اسینشل تھی۔ انہوں نے بتایا کہ مالی سال 2017-18ءمیں اکتوبر تک پیسکو نے 1.3 ارب روپے استعمال کئے جو 13 فیصد بنتا ہے، یہ اپنے ترقیاتی اہداف سے بہت پیچھے ہیں، اس کو بہتر بنانے کے لئے اقدامات اٹھا رہے ہیں۔