وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی شیری رحمان نے جنگلات میں آتشزدگی کے واقعات کا نوٹس لے لیا،ذمہ داروں کو سخت ترین سزا ملنی چاہئے، شیری رحمان

93

اسلام آباد۔18مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی شیری رحمان نے جنگلات میں آتشزدگی کے واقعات کا نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ ذمہ داروں کو سخت ترین سزا ملنی چاہئے،اسلام آباد میں آگ لگنےکے واقعات سے بچنے اور ریسکیو کے حوالے سے کنٹرول روم اور ہیلپ لائن کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ بدھ کو ایک بیان میں وفاقی وزیر نے کہا کہ جنگلات میں ٹک ٹاکرز کی وجہ سے آگ لگنے کے واقعات کی سخت الفاظ میں مذمت کرتی ہوں، یہ معاملہ ابھی زیر تفتیش ہے لیکن آگ کے واقعات اسلام آباد میں نہیں بلکہ ہزارہ خیبر پختونخواہ میں ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں آگ لگنےکے واقعات سے بچنے اور ریسکیو کے لئے ہم نے سی ڈی اے اور آئی ڈبلیو ایم بی کو کنٹرول روم بنانے کا کہا ہے، آگ لگنے کے حوالے سے ایک ہیلپ لائن کا بھی اعلان کیا جائے گا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ جنگلات میں آگ لگنے کے واقعات افسوسناک ہیں اور ان کی ہر سطح پر حوصلہ شکنی ہونی چاہیے۔ ‏ایسے واقعات واضح طور پر اخلاقی اور سماجی ذمہ داری کی کمی کو ظاہر کرتے ہیں، اس قسم کی سوچ اور رویے کے ساتھ ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات کا مقابلہ نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ اب ماحولیاتی بحران اور ہماری ذمہ داریوں کو قومی گفتگو کا حصہ بنانے کا وقت ہے۔