وفاقی وزیر جاوید علی شاہ کا قومی اسمبلی میں توجہ دلاو نوٹس کاجواب

نوشہرہ ، قاضی حسین احمد میڈیکل کمپلیکس کے ماہر امراض قلب نے سٹینوز والو کی شکایت کے ساتھ کامیاب کارڈیو آپریشن کردیا

اسلام آباد ۔ 20 نومبر (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے آبی امور جاوید علی شاہ نے کہا ہے کہ ملک بھر میں بارشوں کی کمی کے باعث پانی کی مجموعی قلت 36 فیصد تک پہنچ چکی ہے‘ بارش کے پانی کو محفوظ بنانے کے لئے دیامر بھاشا ڈیم ‘ مہمند ڈیم‘ کے پی کے اور بلوچستان میں ڈیزائن کئے گئے ڈیموں کے لئے وفاق اور صوبے مل کر فوری فنڈز فراہم کریں تاکہ پانی کی قلت پر قابو پایا جاسکے‘ گوادر میں پانی صاف کرنے کے لئے پلانٹ لگانے کا منصوبہ تیار کرلیا گیا ہے‘ فنڈز ملتے ہی اس کی تنصیب کا کام شروع ہو جائے گا‘ سندھ کو درکار 35000 کیوسک پانی یومیہ فراہم کیا جارہا ہے۔ پیر کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں نواب یوسف تالپور‘ شازیہ مری‘ سید نوید قمر‘ ڈاکٹر عذرا فضل اور عبدالستار بچانی کے توجہ مبذول نوٹس کے جواب میں وفاقی وزیر پانی جاوید علی شاہ نے کہا کہ اس وقت پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ پانی کا ہے‘ پانی نہ صرف زراعت کے استعمال‘ بجلی کے حصول بلکہ انسان اور انسانیت کا مسئلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پانی کی کمی کی وجہ بارش کم ہونا ہے۔ ہمارا اندازہ تھا کہ 20 سے 21 فیصد پانی کی کمی ہوگی۔ تاہم اس وقت 36 فیصدپانی کی کمی کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پانی کا مجموعی اخراج 43.2 تک پہنچ چکا ہے۔ توقع ہے کہ بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے سے پانی کی قلت میں کمی آئے گی۔