وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے سی ڈی سی پاکستان کے پہلے ڈیجیٹل ایم ایف ایگریگیٹر کا افتتاح کردیا

کراچی۔5اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے خزانہ و محصولات مفتاح اسماعیل نے جمعہ کو ایملاک فائنانشلز کے پاکستان کے پہلے ڈیجیٹل ایگریگیٹر پلیٹ فارم برائے میوچل فنڈز کا افتتاح کردیا، ڈیجیٹل ایگریگیٹر پلیٹ فارم سنٹرل ڈیپازٹری کمپنی نے تیار کیا ہے۔ سی ڈی سی ہاؤس میں افتتاحی تقریب میں چیئرمین سی ڈی سی بورڈ آف ڈائریکٹرز معین فدا، سی ای او بدیع الدین اکبر، چیئرمین سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان عامر خان، چیئرپرسن پاکستان اسٹاک ایکسچینج ڈاکٹر شمشاد اختر، منیجنگ ڈائریکٹر پی ایس ایکس فرخ ایچ خان اور چیئرپرسن میوچل فنڈز ایسوسی ایشن آف پاکستان مشرومہ مجید سمیت دیگر نے شرکت کی۔

وزیر خزانہ و محصولات مفتاح اسماعیل نے کہا کہ ایملاک فنانشلز، جسے میوچل فنڈز کے ڈیجیٹل ایگریگیٹر کے طور پر لاگو کیا گیا ہے، ایس ای سی پی کی جانب سے بروقت اقدام ہے اور سی ڈی سی کی جانب سے بہت اچھی طرح سے عمل میں لایا گیا۔یہ ہماری معیشت کے لیے بہت اہم ہے اور اس طرح کے نئے تصورات کا تعارف پاکستان میں سرمایہ کاری کے کلچر کو فروغ دے گا اور سرمایہ کاروں کو ایک آسان اور معلوماتی پلیٹ فارم مہیا کرے گا جس سے وہ سرمایہ کاری کے دانشمندانہ فیصلے کر سکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اس سے اثاثہ جات کے انتظامی کمپنیوں کے دفاتر کا دورہ کیے بغیرانہیں کہیں سے بھی اپنے میوچل فنڈ اکاؤنٹس کو ڈیجیٹل طور پر کھولنے کی سہولت ملے گی۔ انہوں نے جامع اور پائیدار ترقی کے ہدف کے ساتھ معیشت کے استحکام کے لیے حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں بھی بتایا۔خطبہ استقبالیہ میں چیئرمین سی ڈی سی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز معین فدا نے کہا کہ ایملاک فنانشل پلیٹ فارم کو کامیابی کے ساتھ ایک ڈیجیٹل ڈسٹری بیوشن چینل کے طور پر شروع میں میوچل فنڈز کے لیے اور بعد ازاں دیگر اثاثہ جات کے لیے بھی لاگو کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایملاک کے لیے پائلٹ پراجیکٹ ابتدائی طور پر 2021میں پلیٹ فارم کے ذریعے ’سہولت اکاؤنٹ‘ کھولنے کے لیے شروع کیا گیا تھا، جس کے بعد سی ڈی سی نے پلیٹ فارم کو بڑھانے کے لیے میوچل فنڈ انڈسٹری کے ساتھ تعاون کے اپنے عزم کی پاسداری جاری رکھی۔اس موقع پر چیئرمین ایس ای سی پی عامر خان نے اسے میوچل فنڈ انڈسٹری کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیا، ملک میں پہلی بار ایک مربوط ڈیجیٹل ڈسٹری بیوشن چینل شروع کیا گیا ہے۔

ہم ایس ای سی پی میں ڈیجیٹلائزیشن کے ذریعے کارکردگی اور شفافیت کو فروغ دینے کے لیے دوبارہ انجینئرنگ کے عمل کے حامی ہیں اور اس سلسلے میں تمام مطلوبہ ریگولیٹری مدد فراہم کرکے ایسے تمام اقدامات کی حمایت اور حوصلہ افزائی کرتے رہیں گے۔سی ڈی سی کے سی ای او بدیع الدین اکبر نے کہا کہ ’ایملاک فنانشلز‘ کا تصور میوچل فنڈ انڈسٹری کی ترقی کی راہ ہموار کرنے اور نچلی سطح پر پاکستان میں بچت کے کلچر کو فروغ دینے کے لیے کیا گیا ہے ۔