وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق کی سینیٹ اراکین کے وفد کو اسلام آباد ایئرپورٹ کے دورہ کی دعوت

221

اسلام آباد۔30ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے سول ایوی ایشن و پاکستان ریلویزخواجہ سعد رفیق نے سینیٹ اراکین کے وفد کو اسلام آباد ایئرپورٹ کے دورہ کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کے تمام ایئرپورٹس پر بین الاقوامی سطح کی سہولیات فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہیں، مسائل کے حل کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں۔

جمعہ کو ایوان بالا کے اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران سینیٹر رخسانہ زبیری کے سوال کے جواب میں وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ سول ایوی ایشن سمیت سرکاری اداروں میں بہتری کی ضرورت ہے، ایئرپورٹس پر بین الاقوامی سطح کی سہولیات فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہیں، ایئرپورٹ حکومت کی ملکیت میں رہنے چاہئیں، اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے متعلق مختلف ممالک سے بات چیت جاری ہے، مسائل کے حل کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں، سینیٹ اراکین کا وفد اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا دورہ کر کے وہاں کی صورتحال کا جائزہ لے سکتا ہے۔

سینیٹر بہرہ مند تنگی کے سوال کے جواب میں خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پی آئی اے کے پاس 100 جہازوں کا فلیٹ تھا جو اب کم ہو کر ایک چوتھائی رہ گیا ہے، پی آئی اے کو تقریباً ہر سال 50 ارب خسارے کا سامنا ہے۔ پالیسیوں کے تسلسل سے ادارے میں بہتری لائی جا سکتی ہے، کوئی سیاسی بھرتیاں اور تقرر و تبادلے نہیں ہونے چاہئیں، پی آئی اے کے پائلٹس سے متعلق غیر محتاط بیان سے آمدن کا اربوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی بنیادوں پر ایئرپورٹ نہیں بننے چاہئیں بلکہ فیزیبلٹی کی بنیاد پر بننے چاہئیں، پی آئی اے کی اندرون ملک پروازوں میں آسانی کے لئے چھوٹے جہازوں کی خریداری کے لئے کوشاں ہیں۔