وفاقی وزیر داخلہ کی پاکستان کوسٹ گارڈز میں نئی Rigid Hull Inflatable Boats کشتیوں کی شمولیتی تقریب میں شرکت

30

کراچی۔ 07 جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی نے پیر کے روز کراچی پورٹ پر پاکستان کوسٹ گارڈز کے بیڑے میں Rigid Hull Inflatable Boats کشتیوں کی شمولیت کی تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔

ڈائریکٹر جنرل پاکستان کوسٹ گارڈز، میجر جنرل جواد ریاض نےوفاقی وزیر کا پرتپاک استقبال کیا۔ تقریب میں اعلیٰ عسکری و سول حکام، بین الاقوامی برادری کے اراکین، اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔اپنے خطاب میں وفاقی وزیر داخلہ نے پاکستان کوسٹ گارڈز کی پیشہ ورانہ مہارت اور کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ملک کی واحد فورس ہے جو بیک وقت زمین اور سمندر دونوں پر کام کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کوسٹ گارڈز ایک نہایت ہی قابل تحسین اور اہم فورس ہے، جو اسمگلنگ، غیر قانونی ہجرت، اور غیرقانونی ماہی گیری کی روک تھام میں مؤثر کردار ادا کرتی ہے۔انہوں نے کوسٹ گارڈز کی اسمگلنگ، منشیات اور انسانی اسمگلنگ کے خلاف کامیاب کارروائیوں کی بھی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ نئی Rigid Hull Inflatable Boats کشتیوں کی شمولیت سے فورس کی آپریشنل صلاحیتوں میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا اور غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام میں مدد ملے گی۔

محسن نقوی نے پاکستان کوسٹ گارڈز کی جانب سے ضبط شدہ منشیات اور ممنوعہ اشیاء کو باقاعدگی سے تلف کرنے کی روایت کو بھی سراہا۔وزیر داخلہ نے زور دیا کہ اسمگل شدہ اشیاء اور منشیات کی تلفی اور عوامی آگاہی مہمات معاشرے کے تحفظ کے لیے نہایت ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ منشیات اور اسمگلنگ ایک خطرناک ناسور ہے جو نہ صرف ہمارے ملک بلکہ پوری دنیا کے لیے ایک بڑا خطرہ ہے، اور ہمیں مل کر اس کا خاتمہ یقینی بنانا ہوگا۔