وفاقی وزیر ساحلی امور علی زیدی کی ”اے پی پی“ سے گفتگو

82

اسلام آباد ۔ 26 نومبر(اے پی پی)کیماڑی کو دنیا بھر کے سیاحوں کے لیے پرکشش بنایا جائے گا ‘کیماڑی میں جیٹی بنائی جارہی ہے او ر تمام پٹی کو خوبصورت بنانے کیلئے صفائی کرائی گئی ہے، ہم ٹورازم کیلئے کام کر رہے ہیں اس سے مقامی افراد کو زیادہ بہتر روزگار ملے گا۔ وفاقی وزیر ساحلی امور علی زیدی نے ”اے پی پی“ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پچھلے 70سالوں میں بھٹ شاہ میںکوئی کام نہیں کیا گیا اور وہاں کی حالت بہت خراب تھی ،بھٹ شاہ میں ڈونرز کی مددسے سکول قائم کر رہے ہیں جہاںمقامی افراد کے بچوں کو بہتر تعلیم دی جائے گی ۔بھٹ شاہ میں میری ٹیموں نے سروے کیا ہے اور وہاں پر انفراسٹرکچر اور دیگر سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام اقدامات اٹھائے جارہے ہیں ۔ کراچی پورٹ ٹرسٹ کی مدد سے کیماڑی میں موجود کچے مکانات کی خوبصورتی کیلئے انہیں پینٹ کیا جا رہا ہے، ساحلی پٹی کو صاف کر کے خوبصورت بنایا جارہا ہے شہر بھر سے جو لوگ سیر کے لیے آتے ہیں ہم انہیں اچھا ماحول دینا چاہتے ہیں۔بھٹ شاہ میں سوا لاکھ گیلن کا آر او پلانٹ لگا رہے تاکہ وہاں کے لوگوں کو کراچی نہ آنا پڑے ۔ کے پی ٹی کو ہدایت کی ہے کہ بھٹ شاہ سے مریضوں کو شہر لانے کیلئے بوٹ ایمبولینس شروع کی جائے تاکہ مریضوں کو باآسانی لایا جاسکے ۔