وفاقی وزیر سردار ایازصادق سے پاکستان میں چین کے سفیرنونگ رونگ کی ملاقات

اسلام آباد۔3اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیراقتصادی امور سردار ایازصادق سے پاکستان میں چین کے سفیرنونگ رونگ نے ملاقات کی۔وفاقی وزیر نے وزارت میں آمد پر چین کے سفیرکا پرتپاک خیرمقدم کیا۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

سردار ایاز صادق نے دونوں ممالک کے درمیان طویل المدتی خوشگوار تعلقات کو سراہا اور کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان مثالی تعلقات قائم ہیں،ہم چین کے ساتھ ایک خاص رشتہ رکھتے ہیں، جو ہم دنیا کی کسی دوسری قوم کے ساتھ نہیں رکھتے۔ انہوں نے سیلاب کی تباہ کاریوں کے دوران بچاؤ اور ریلیف کے لیے چین کی جانب سے پاکستان کو دی جانے والی امداد کا شکریہ ادا کیا۔

چینی سفیر نے دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ چین کی حکومت پاکستان کو ریسکیو اور ریلیف میں مدد فراہم کرنے میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اکتوبر تک سیلاب سے متعلق فوری امدادی سامان لے جانے والے تمام کارگو کراچی پہنچ جائیں گے۔انہوں نے تعمیر نو اور بحالی کے مرحلے میں مزید مدد فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے چینی سفیر نے پاکستان کے میڈیا میں چین کے کردار کو مثبت انداز میں پیش کرنے کی ضرورت پر زوردیا۔سردار ایاز صادق نے اس بات کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ ہماری عوام کو پاک چین دوستی اور چین کی جانب سے پاکستان کیلئے اقدامات کا علم ہونا چاہئیں ۔