اسلام آباد۔12جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور نے حج ایکسپو 2023 کے موقع پر حجاج کو مختلف خدمات و سہولیات مہیا کرنے والے اداروں کے انکلوژرز کا دورہ کیا۔وزارت مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق پاکستان حج مشن کے قائم مقام ڈی جی ساجد اسدی اور ڈائریکٹر مدینہ ضیاء الرحمان بھی ان کے ہمراہ تھے۔ انہوں نے روڈ ٹو مکہ جوازات (پاسپورٹ)، امیگریشن، ٹرانسپورٹ، رہائش اور ای حج سے متعلق کائونٹرز پر خصوصی دلچسپی ظاہر کی اور حجاج کو بہتر سے بہتر سہولیات کیلئے کوشاں خادم حرمین شریفین اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کو خراج تحسین پیش کیا۔
دوسری جانب جدہ میں جاری حج ایکسپو 2023 کے تیسرے دن کراؤڈ مینجمنٹ، نقل و حمل کی سہولیات اور مہمان نوازی کے موضوعات پر تقریب میں ہونے والی گفتگو کے دوران ٹرانسپورٹیشن سروسز اور کراؤڈ مینجمنٹ کے تحت عازمین حج اور عمرہ کی فلاح و بہبود کی اہمیت پر روشنی ڈالی گئی۔ اس موقع پر ٹرانسپورٹیشن کے مختلف ذرائع سے فراہم کردہ خدمات کے معیار کو بھی خصوصی طور پر مدنظر رکھا گیا۔تقریب کے مقررین میں حج و عمرہ کی سکیورٹی کے لئے سپیشل فورسز کے کمانڈر فواز المطیحی کے علاوہ سعودی عرب ریلوے کے نائب صدر ریان الحربی اور سعودی پبلک ٹرانسپورٹ کمپنی کے جنرل مینجر غسان عراقی شامل تھے۔
اس موقع پر فواز المطیحی نے بتایا کہ حج کے موقع پر دنیا بھر سے مکہ مکرمہ آنے والے عازمین کا شاندار اجتماع ہوتا ہے اور ان مہمانوں کی سیکیورٹی اور حفاظت ہمارے لیے سب سے اہم ہے۔انہوں نے گفتگو کے دوران بتایا کہ کراؤڈ مینجمنٹ کے زیر تحت سکیورٹی اور حج کی رسومات کی ادائیگی کے لئے عازمین کی آمدورفت کے بحفاظت انتظامات کو یقینی بنانا ہے۔سپیشل فورسز کے کمانڈر نے مزید کہا کہ مسجد الحرام کے چاروں اطراف عازمین کی گنجائش کے لحاظ سے داخلی دروازوں، ایسکلیٹرز اور پلوں کے قریب حفاظتی اقدامات کو خاص طور پر پیش نظر رکھا جاتا ہے۔
اس موقع پر سعودی ریلوے کے نائب صدر ریان الحربی نے کہا کہ حج سیزن کے دوران میٹرو سروس اپنی بھرپور صلاحیتوں کے ساتھ مکمل طور پر رواں دواں رہے گی۔الحربی نے بتایا کہ حج 1444ھ کے موقع پر 17 ٹرینیں چلائی جائیں گی اور فی گھنٹہ کے حساب سے 72 ہزار مسافروں کو حرمین ایکسپریس کے ذریعے آمدورفت کی مکمل سہولیات فراہم کی جائیں گے۔ اس کے علاوہ سعودی ریلوے کی 35 ٹرینیں جدہ کے راستے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے سٹیشنوں کو جوڑے رکھیں گی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ہر ٹرین میں 417 مسافروں کی گنجائش ہے اور اسی طرح حج میٹرو ہر90 سیکنڈ میں 3000 عازمین کو لے جانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔تقریب میں سعودی پبلک ٹرانسپورٹ کمپنی کے جنرل مینجر غسان عراقی نے حاجیوں کے لیے موثر نقل و حمل کی خدمات میں ایس اے پی ٹی سی او ، اور حج و عمرہ کمپنیوں کی جانب سے پیش کی جانے والی ٹرانسپورٹ سہولیات پر روشنی ڈالی۔وزارت حج و عمرہ عازمین کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر ان کی رہائش اور مہمان نوازی کی خدمات فراہم کرنے کے لئے موثر حکمت عملی اپنا ئے ہوئے ہےجس کا مقصد عازمین کی مقدس مقامات پر مکمل حفاظت اور آرام و راحت کو یقینی بنانا ہے۔
تقریب کی دوسری پینل گفتگو میں ہاؤسنگ اینڈ ہاسپیٹلیٹی سروسز کے زیر عنوان عازمین کے لیے خدمات کے معیار کو یقینی بنانا اور صلاحیت میں اضافے کے علاوہ مارکیٹ میں موجود اشیائے ضروریہ کی قیمتیں اور معیار کو بہتر بنانے کی کوشش کرنا ہے۔وزارت حج وعمرہ کے ہاؤسنگ ڈیپارٹمنٹ کے جنرل منیجر عمر مندورہ نے بتایا کہ ہماری وزارت ہاؤسنگ اور مہمان نوازی کے شعبے میں فراہم کی جانے والی خدمات اور سہولیات کے معیار کو یقینی بنانے کے لئے نظام اور طریقہ کار تیار کرنے پر کام کر رہی ہے۔