کوئٹہ۔ 28 اگست (اے پی پی):سیکرٹری ٹرانسپورٹ حیات کاکڑ نے کہا کہ ٹرانسپورٹ کا شعبہ صوبے کے سب سے بڑی انڈسٹری میں شمار ہو تا ہے ،حکومت اس شعبے سے منسلک افراد کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنا چاہتی ہے، مسافر بسوں میں سمگلنگ اور غیر قانونی اشیاء کی روک تھام ضروری ہے ،مسافر بسوں میں سمگلنگ کی حوصلہ شکنی کرنی چاہے ، اس حوالے سے ٹرانسپورٹرز حکومت سے بھرپور تعاون کریں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے زیر اہتمام ’’محفوظ اور باوقار سفر‘‘ کے نام سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔سیکرٹری ٹرانسپورٹ حیات کاکڑ نے ٹریفک حادثات میں اضافے کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ انسانی جانوں کے ضیاع کو روکنا سب کی ذمہ داری ہے اور ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا ۔
انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز کی مشکلات سے آگاہ ہیں ،ہم چاہتے ہیں اس انڈسٹری کو فروغ ملے جس سے ہزاروں لوگوں کا ذریعہ معاش منسلک ہے ۔سیمینار میں انسپکٹر کسٹم علی کامران نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسافروں کی حفاظت ہر صورت میں یقینی بنائی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ مسافر بسوں کے ذریعے غیر قانونی اشیاء کی سمگلنگ ایک سنگین جرم ہے ،خلاف ورزی پر متعدد بسوں کو ضبط کیا گیا ہے، جن کے خفیہ خانوں میں چھالیہ، پان اور سگریٹ جیسی سمگل شدہ اشیاء چھپائی جا تی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سمگلنگ سے نہ صرف ملک کی معیشت کو نقصان پہنچتا ہے بلکہ قومی سلامتی کو بھی خطرہ لاحق ہوتا ہے ،ان کارروائیوں میں تقریباً 100 بسیں ضبط کی گئی جن کی مالیت ایک ارب روپے سے زائد ہے۔ اس موقع پر ٹرانسپورٹرز کے نمائندوں نے اپنے تحفظات سے بھی سیکرٹری ٹرانسپورٹ کو آگاہ کیا۔