ٹنڈوآدم پولیس کا ڈکیت گینگ سے مقابلہ، 3 ڈکیت گرفتار

104
6 arrested
6 arrested

حیدرآباد۔ 01 اپریل (اے پی پی):ٹنڈوآدم پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ڈکیت ارشد خاص خیلی کو دو ساتھیوں سمیت زخمی حالت میں گرفتار کر کے 2 پستول، 1 ریوالور، چھینی گئیں 3 موٹر سائیکلیں اور فون برآمد کر لیا ۔ ٹنڈوآدم بائی پاس نزد شاہ نواز چوک پر دوران پٹرولنگ ایس ایچ او ٹنڈوآدم غلام شبیر دلوانی اور ان کی ٹیم کا سامنا4 مسلح ملزمان سے ہوگیا، پولیس کو دیکھ کر ملزمان نے فائرنگ شروع کردی، پولیس مقابلے اور فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک ڈکیت ارشد خاص خیلی کو زخمی حالت میں گرفتار کرنے سمیت 3 مسلح ڈکیت گرفتار کر لیے گئے۔ ملزمان کے قبضے سے 2 پستول، 1ریوالور اور گولیاں برآمد ہوئی۔

اس کے علاوہ ملزمان سے 3 چھینی گئی موٹر سائیکلیں اور موبائل فون بھی برآمد کیا گیا، جبکہ ان کا ایک ساتھی امتیاز منگنہار اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے پستول سمیت فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ زخمی ڈکیت کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ فرار ہو جانے والے ڈکیت کی گرفتاری کے لیے پولیس کی ٹیمیں روانہ کردی گئی ہیں۔

زخمی ڈکیت ارشد خاصخیلی سے جو موٹرسائیکل برآمد ہوئی ہے وہ پانچ دن قبل ہی محمد داؤد چھٹو سے چھینی گئی تھی۔ دیگر گرفتار ساتھیوں میں منور منگنہار اور یاسر خاصخیلی شامل ہیں۔ گرفتار ملزمان کے خلاف ڈکیتی، راہزنی، پولیس مقابلے اور غیرقانونی اسلحہ رکھنے کی دفعات کے تحت مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ گرفتار ملزمان سے تفتیش کی جارہی ہے ۔