پاکستان اللہ تعالی کا ایک معجزہ ہے، اسلام کے نام پر دنیا کی پہلی ریاست کے قیام نے دنیا کے نقشے کو یکسر تبدیل کر دیا،مشعال ملک

192
ذمہ دار ایٹمی طاقت کے طور پر پاکستان نے خطہ میں توازن برقرار رکھا ہے،مشعال حسین ملک

راولپنڈی۔24اگست (اے پی پی):پاکستان اللہ تعالی کا ایک معجزہ ہے،قائداعظم کی قیادت میں مسلمانوں نے اسلام کے نام پر دنیا کی پہلی اسلامی ریاست قائم کر کے دنیا کے نقشے کو یکسر تبدیل کر دیا،پاکستان کی زمینیں کشمیریوں کے لہو سے شاداب ہوتی ہیں،1947میں ہونے والی غیر منصفانہ تقسیم سے مسئلہ کشمیر نے جنم لیا جو آج تک حل نہیں ہوسکا۔

ان خیالات کا چیئرپرسن پیش اینڈ کلچرل آرگنا ئزیشن مشعال ملک نے پنجاب آرٹس کونسل میں نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے تعاون سے منعقدہ تصویری نمائش "ماہ و سال”کے افتتاح کے موقع پر کیا۔

مشعال ملک کا مزید کہنا تھا کہ حریت رہنما اور میرے شوہر یسین ملک مقبوضہ کشمیر ی کی آزادی کے لیے تہاڑ جیل میں قید ہیں۔مقبوضہ کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل بنا دیا گیاہے۔نہتی کشمیری قوم 10لاکھ قابض بھارتی فوج کا مقابلہ کر رہی ہے۔ روزانہ درجنوں کی تعداد میں کشمیری شہید ہوتے ہیں، لیکن اس کے باوجود تحریک آزادی کشمیر کے جذبہ میں کوئی کمی نہیں آئی۔

کشمیر ی عوام اپنے وطن کی مٹی سے پاگل پن کی حد تک محبت کرتے ہیں۔ وطن کی محبت میں کشمیر ی مسکرا کر موت کو گلے لگا رہے ہیں۔آخر میں انہوں نے آرٹس کونسل کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آرٹس کونسل نے ہمیشہ غیر مشروط پر فن مصوری کے ذریعے مقبوضہ کشمیر کے گھمبیر مسائل کو اُجاگر کیا ہے۔ناہید منظور کا اس موقع پر کہنا تھا کہ تحریکِ ِپاکستان کا ہر پہلو غور طلب اور نہایت اہمیت کا حامل ہے جو اس عظیم وطن کے حصول کے پیچھے کئی داستانوں پر محیط ہے جسے دنیائے عالم سے مسلسل متعارف کروانے کی اشد ضرورت ہے۔

ڈائریکٹر آرٹس کونسل وقار احمد کا کہنا تھا کہ نمائش عوام الناس بالخصوص نئی نسل کو نظریہ پاکستان،تحریک پاکستان،مشاہیر تحریک آزادی کی حیات و خدمات اور پاکستان کی خاطر دی جانیوالی قربانیوں سے آگہی فراہم کرنے کا بہت بڑا ذریعہ ثابت ہوئی ہے۔ آج ہمیں عہد کرنا چاہیے کہ پاکستان کو دن رات محنت کرکے دنیا کے ترقی یافتہ ممالک میں کی صف میں لا کر دم لیں گے۔

نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے زاہد جاویدکا کہنا تھا کہ پاکستان کو جمہوری جدوجہد کے ذریعے حاصل کیا گیا۔ہماری نوجوان نسل کو تحریک پاکستان سے آگا ہی دینے کے لیے نظریہ پاکستان ٹرسٹ کوشاں ہے۔تصویری نمائش کے ساتھ ساتھ ویڈیو ڈاکیومنٹری اور کتابوں کے اسٹالز بھی لگائے گئے ہیں۔تصویری نمائش دیکھنے کے لیے طلبا و طالبات کی بڑی تعداد آرٹس کونسل میں موجود تھی۔