پاکستان امریکہ کے ساتھ برابری، باہمی تعاون اور باہمی مفاد کی بنیاد پر قریبی اور خوشگوار تعلقات چاہتاہے، طارق فاطمی کی امریکی نائب وزیر خارجہ سے ملاقات

179

واشنگٹن ۔22جولائی (اے پی پی):پاکستان امریکہ کے ساتھ برابری، باہمی تعاون اور باہمی مفاد کی بنیاد پر قریبی اور خوشگوار تعلقات کا خواہاں ہے۔ یہ بات وزیراعظم کے معاون خصوصی (ایس اے پی ایم) طارق فاطمی نے گزشتہ روز واشنگٹن میں محکمہ خارجہ میں امریکی نائب وزیر خارجہ وینڈی شرمین سے ملاقات کے دوران کہی۔

ایس اے پی ایم فاطمی نے کہا کہ پاکستان علاقائی امن، سلامتی اور خوشحالی کو فروغ دینے میں ایک اہم کردار ہے اور دوطرفہ تعلقات کو خاطر خواہ انداز میں آگے بڑھانا پاکستان اور امریکہ دونوں کے مفادمیں ہوگالہذٰا اس تناظر میں پاکستان کی معیشت کو بحال کرنے کی کوششیں ،تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، ٹیکسٹائل اور آئی ٹی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو بڑھانا ہماری اولین ترجیح ہے۔ دفاعی تعاون تعلقات میں ایک اہم ستون کے طور پر جاری رہے گا، موسمیاتی تبدیلی جیسے نئے شعبوں نے دو طرفہ تعاون کی اضافی راہیں فراہم کی ہیں ۔

امریکی نائب وزیر خارجہ شرمین نے معاون خصوصی فاطمی کے خیالات سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے وسیع البنیاد ایجنڈے پر پاکستان کے ساتھ کام جاری رکھے گا۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی فاطمی نے کہا کہ حکومت پاکستان افغانستان میں انسانی المیہ اور معاشی تباہی سے بچائوکے لیے امریکہ سمیت عالمی برادری کے ساتھ مل کر کام جاری رکھے گااور ساتھ ہی طالبان کے ساتھ اس بات کو یقینی بنائیگا کہ وہ اپنے وعدوں پر عمل کریں۔

ڈپٹی سیکرٹری شرمین نے افغانستان سے انخلا میں پاکستان کی طرف سے فراہم کی گئی سہولت پر امریکی حکومت کی طرف سے شکریہ ادا کیا اور کہا کہ امریکی حکومت افغانستان میں امن و استحکام کے حصول کے لیے پاکستان کے ساتھ کام جاری رکھے گی۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی فاطمی نے ڈپٹی سیکرٹری شرمین کو بھارتی غیر قانونی زیر تسلط کشمیر میں جاری بھارتی جبر اور بھارت میں مسلمانوں کے خلاف انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارت پر زور دے کہ وہ اپنی جابرانہ پالیسیوں کو روکے اور پاکستان کے ساتھ تمام تصفیہ طلب مسائل بشمول جموں و کشمیر کے بنیادی مسئلے کو حل کرنے کے لیے بامعنی اور نتیجہ خیز مذاکرات کے لیے سازگار حالات پیدا کرے۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی فاطمی اور ڈپٹی سیکرٹری شرمین نے نوٹ کیا کہ اس سال پاکستان اور امریکہ کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75 ویں سالگرہ ہے انہوں نے سفارتی تعلقات کے قیام کی 75 ویں سالگرہ کے اس سنگ میل کو شایان شان طریقے سے منانے پر اتفاق کیا۔