وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے ایران کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان حسن کاظمی کی ملاقات

بلاول بھٹو

اسلام آباد۔22جولائی (اے پی پی): وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے ایرانی صدر کے خصوصی نمائندہ برائے افغانستان حسن کاظمی گھومی نے جمعہ کو یہاں ملاقات کی۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیر خارجہ نے پرامن، مستحکم، خوشحال اور منسلک افغانستان کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے پاکستان اور ایران کے درمیان پناہ گزینوں کے انتظام، علاقائی سلامتی اور ادارہ جاتی میکانزم سمیت افغانستان سے متعلق معاملات پر قریبی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔

وزیر خارجہ نے ملاقات میں خطے میں پائیدار امن اور سلامتی کے مقصد کو فروغ دینے سمیت اس سال 22 جون کو مشرقی افغانستان میں آنے والے تباہ کن زلزلے کے تناظر میں حالیہ امدادی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ افغانستان کیلئے پاکستان کی طرف سے انسانی امداد کی فراہمی کا بھی خاص طور پر ذکر کیا۔

وزیر خارجہ نے ایران کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی پاکستان کی خواہش کا اظہار کیا جن کی جڑیں مشترکہ عقیدے، مشترکہ تاریخ اور ثقافتی وابستگیوں میں جڑی ہوئی ہیں۔ انہوں نے اقتصادی اور تجارتی تعلقات، توانائی تعاون، علاقائی سلامتی اور روابط کو آگے بڑھانے کیلئے باقاعدہ تبادلوں کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

خصوصی ایلچی حسن کاظمی گھومی نے کہا کہ ایران پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے افغانستان میں پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا اور اس بات پر زور دیا کہ افغانستان میں امن و استحکام خطے کے طویل مدتی استحکام اور خوشحالی کیلئے ضروری ہے۔

قبل ازیں ایرانی نمائندہ خصوصی نے اپنے پاکستانی ہم منصب سابق سفیرمحمد صادق سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران افغانستان کی صورتحال پر تبادلہ خیال اور خطے میں مختلف تجارتی اور باہمی رابطوں کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ ملاقات میں باہمی روابط کو جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔