پاکستان اورمشرقی یورپ کے درمیان دوطرفہ تجارت کے حجم میں اضافہ کارحجان

66
State Bank of Pakistan
State Bank of Pakistan

اسلام آباد۔3جون (اے پی پی):پاکستان اورمشرقی یورپ کے درمیان دوطرفہ تجارت کے حجم میں جاری مالی سال کے دوران گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں اضافہ کارحجان دیکھنے میں آیاہے، جولائی سے اپریل 2022 تک کی مدت میں مشرقی یورپ کوپاکستانی برآمدات میں 8.94 فیصد اوردرآمدات میں 20.20 فیصد کی نموریکارڈکی گئی ہے۔

سٹیٹ بینک کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال کے پہلے10 ماہ میں روس، ہنگری، رومانیہ، یوکرائن اورمشرقی یورپ کے دیگرممالک کوپاکستان کی برآمدات کاحجم 635.52 ملین ڈالرریکارڈکیاگیاجو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 8.94 فیصدزیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں مشرقی یورپ کے ممالک کوپاکستان کی برآمدات کاحجم 584.24 ملین ڈالرریکارڈکیاگیاتھا۔

اپریل 2022 میں مشرقی یورپ کے ممالک کو برآمدات سے ملک کو57.26 ملین ڈالرکازرمبادلہ حاصل ہواجومارچ میں 68.97 ملین ڈالر اورگزشتہ سال اپریل میں 64.68 ملین ڈالرتھا۔ مالی سال 2021 میں مشرقی یورپ کے ممالک کوبرآمدات سے ملک کو708.92 ملین ڈالرکازرمبادلہ حاصل ہواتھا۔

سٹیٹ بینک کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں مشرقی یورپ کے ممالک سے درآمدات میں گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 20.20 فیصدکی نموریکارڈکی گئی ہے۔

جولائی سے لیکراپریل تک کی مدت میں مشرقی یورپ کے ممالک سے 1.226 ارب ڈالرکی درآمدات ریکارڈکی گئیں جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 1.020 ارب ڈالرتھی۔

اپریل میں مشرقی یورپ سے 43.53 ملین ڈالرکی درآمدات ریکارڈکی گئیں جومارچ میں 91.65 ملین ڈالر اورگزشتہ سال اپریل میں 43.10 ملین ڈالرتھیں، مالی سال 2021 میں مشرقی یورپ سے درآمدات پر1.135 ارب ڈالرکازرمبادلہ صرف ہواتھا۔