اسلام آباد۔23جون (اے پی پی):پاکستان میں ترکی کے سفیر احسان مصطفی یرداکل نے پاکستان اور ترکی کے درمیان باہمی تعاون کو مزید مستحکم کرنے کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا ہے کہ برادر ملک پاکستان کے ساتھ باہمی تعلقات کو بہت قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، پاکستان اور ترکی کے مابین ذرائع ابلاغ سمیت زندگی کے ہر شعبے میں تعاون موجود ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو قومی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) کی اردو نیوز سروس کی اپ گریڈیشن منصوبہ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ترک سفیر نے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کے ہمراہ ربن کاٹ کر اے پی پی اردو سروس کی اپ گریڈیشن منصوبہ کا افتتاح کیا جس کے لئے ترک ادارہ برائے تعاون و باہمی روابط (تیکا) نے معاونت فراہم کی ہے۔
وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات شاہیرہ شاہد، پرنسل انفارمیشن آفیسر مبشر حسن اور وزارت اطلاعات اور اے پی پی کے اعلی افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ترک سفیر نے کہا کہ ترک ادارہ برائے تعاون و باہمی روابط (تیکا) کے تعاون سے قومی خبر رساں ادارہ ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان کی اردو نیوز سروس کی اپ گریڈیشن اور ڈیجیٹلائزیشن کی افتتاحی تقریب میں شرکت ان کے لئے اعزاز ہے۔
انہوں نے کہا کہ میڈیا انتہائی اہمیت کا حامل شعبہ ہے، دونوں ممالک کا میڈیا سمیت مختلف شعبوں میں پہلے ہی تعاون اور اشتراک جاری ہے، دنیا بھر میں میڈیا نئے رجحانات اور ٹیکنالوجیز سے آشنا ہو رہا ہے اور یہ ایک ایسا قدم ہے جو اے پی پی کو جدید خطوط پر استوار کرنے میں مددگار ثابت ہوگا، امید ہے کہ اس سے اے پی پی کو فائدہ حاصل ہوگا۔
انہوں نے اے پی پی انتظامیہ اور تیکا کا بھی شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر منیجنگ ڈائریکٹر اے پی پی اختر منیر نے ترک سفیر کو قومی خبر رساں ادارے کے امور کار کے بارے آگاہ کیا اور اردو سروس کی تزئین و آرائش اور اسے پیشہ وارانہ جدید آلات کی فراہمی پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
اختر منیر نے کہاکہ تیکا کی جانب سے فراہم کردہ تعاون سے اردو سروس کو اپنے نیوز آپریشن اور پیشہ وارانہ خدمات کو خوش اسلوبی سے انجام دہی میں معاونت کے ساتھ ساتھ کام کاج کا بہتر ماحول میسر ہوا ہے۔ ہائی ٹیک ورک سٹیشنز، لوکل ایریا نیٹ ورکنگ، جدید سرور اور دیگر سازوسامان کی فراہمی اور انفراسٹرکچر کی بہتری سے ادارے کو ہم عصر ذرائع ابلاغ کے ساتھ زیادہ مسابقانہ کردار ادا کرنے میں مدد ملے گی۔
تیکا کے کنٹری کوآرڈینیٹر محسن بالجی نے اس تعاون کو ترک عوام کی جانب سے ایک تحفہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے پاک۔ترک برادرانہ رشتوں کو مزید فروغ ملے گا۔
اس سے پہلے اے پی پی ہیڈکواٹرز آمد پر ایم ڈی اے پی پی اختر منیر، ایگزیکٹو ڈائریکٹر عدیلہ رباب کاظمی، ایگزیکٹو ڈائریکٹر نیوز محمد حنیف صابر، ڈائریکٹر اے پی پی اردو سروس عبدالجبار ذکریا، ڈائریکٹر ڈیجیٹل نیوز شفیق احمد قریشی، ڈائریکٹرآئی ٹی غواث خان ، ڈائریکٹر ایڈمن عدنان گھمن اور دیگر سینئر افسران نے وفاقی وزیر مریم اورنگزیب، ترک سفیر اور تیکا کے حکام کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔