پاکستان اور ترکی دوستی اور محبت کے لازوال رشتےسےجڑےہوئےہیں، ترکی کاپاکستان کےہرشعبےمیں تعاون دونوں ممالک کی ایک دوسرے کیلئے محبت کااظہار ہے،مریم اورنگزیب

پاکستان اور ترکی دوستی اور محبت کے لازوال رشتے سے جڑے ہوئے ہیں، ترکی کا پاکستان کے ہر شعبے میں تعاون دونوں ممالک کی ایک دوسرے کیلئے محبت کا اظہار ہے، مریم اورنگزیب

اسلام آباد۔23جون (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکی دوستی اور محبت کے لازوال رشتے سے جڑے ہوئے ہیں، دونوں ممالک کے تعلقات مشترکہ تاریخ، مذہبی اور ثقافتی رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں، ترکی کا پاکستان کے ہر شعبے میں تعاون دونوں ممالک کی ایک دوسرے کے لئے محبت کا اظہار ہے۔

یہ بات انہوں نے جمعرات کو اے پی پی اردو نیوز سروس کی اپ گریڈیشن منصوبہ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات نے ترکی کے سفیر مصطفی یرداکل کے ہمراہ ربن کاٹ کر منصوبے کا افتتاح کیا جو ترک ادارہ برائے تعاون و باہمی روابط (تیکا) کے تعاون سے اپ گریڈ کی گئی ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اے پی پی اردو نیوز سروس کی اپ گریڈیشن ایک ایسا قدم ہے جس کے وسیع پیمانے پر دوررس اثرات مرتب ہوں گے۔

اس اقدام سے یقینی طور پر اے پی پی اردو نیوز سروس کی کارکردگی میں مزید بہتری آئے گی، یہ ایک اہم سنگ میل ہے جو آج ہم نے اے پی پی کی رسائی کو بڑھانے کے حوالے سے حاصل کیا ہے۔ مریم اورنگزیب نے صحت، تعلیم اور میڈیا سمیت مختلف شعبوں میں منصوبوں کے آغاز پر ترک حکومت کے کردار کو سراہا۔

 

وفاقی وزیر اطلاعات نے ترکی کے سفیر کی پاکستان میں خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے جس طرح پاکستان میں اپنا وقت گذارا اور روابط قائم کئے، ہم ان کے اقدامات کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔ وہ پاکستان کے ایک عظیم دوست ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ترک سفیر نے اے پی پی کے لئے اہم خدمت انجام دی ہے۔

اے پی پی کے 43 ممالک کے ساتھ خبروں کے تبادلوں کے معاہدے موجود ہیں۔ مریم اورنگزیب نے نیوز آپریشنز کو اپ گریڈ کرنے میں اے پی پی انتظامیہ کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے پوری دنیا میں اے پی پی کی رسائی میں مزید اضافہ ہوگا۔

قبل ازیں منیجنگ ڈائریکٹراے پی پی اختر منیر نے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کو اے پی پی کی اپ گریڈیشن اور ڈیجٹیلائزیشن کے امور اور نئے اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے ترک سفیر کو سوینئر بھی پیش کیا۔ اس سے پہلے پرنسپل انفارمیشن آفیسر مبشر حسن، منیجنگ ڈائریکٹر اے پی پی اختر منیر، ایگزیکٹو ڈائریکٹر اے پی پی عدیلہ رباب اور دیگر سینئر افسران نے وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب اور ترکی کے سفیر کا اے پی پی ہیڈکوارٹرز آمد پر استقبال کیا۔ سیکریٹری وزارت اطلاعات و نشریات شاہیرہ شاہد، سینئر جوائنٹ سیکریٹری وزارت اطلاعات ارشد منیر اور دیگر اعلی حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔