پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تیل کے شعبے میں ایک ارب ڈالر سے زائد کے معاہدے پر جلد دستخط ہوں گے، سعودی سفیر نواف سعید المالکی

پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تیل کے شعبے میں ایک ارب ڈالر سے زائد کے معاہدے پر جلد دستخط ہوں گے، سعودی سفیر نواف سعید المالکی

اسلام آباد۔11جنوری (اے پی پی):پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان آنے والے دنوں میں سعودی ڈویلپمنٹ فنڈ کے ذریعے ایک ارب ڈالر سے زائد کے معاہدے پر دستخط ہوں گے۔ یہ بات انہوں نے سعودی ٹی وی چینل ”الاخباریہ“ سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

نواف سعید المالکی نے کہا کہ پاکستان 1947ءمیں جب معرض وجود میں آیا تو سعودی عرب ان پہلے ملکوں میں شامل تھا جس نے پاکستان کو تسلیم کیا اور مدد فراہم کی۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے بانی سے لے کر خادم الحرمین الشریفین سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان تک سعودی حکومت نے ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا اور اقتصادی و مالی مدد کی۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے تعلقات مثالی اور گہرے ہیں اور تمام شعبوں میں بڑھتے ہوئے تعلقات ہیں، حال ہی میں سعودی عرب کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاری 10 ارب ڈالر تک بڑھانے کا جائزہ لینے کا اعلان کیا گیا۔ اس کے علاوہ سعودی ڈیپازٹ کو بھی بڑھانے کا جائزہ لینے کی ہدایت کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آنے والے دنوں میں سعودی ڈویلپمنٹ فنڈ کے ذریعے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تیل کے شعبے میں ایک ارب ڈالر سے زائد کے معاہدے پر دستخط ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ یہ اقدامات سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان مضبوط تذویراتی شراکت داری کی عکاسی کرتے ہیں۔ قبل ازیں سعودی پریس ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے پاکستان میں سعودی عرب کی سرمایہ کاری 10 ارب ڈالر تک بڑھانے کا جائزہ لینے کی ہدایت کی۔ شہزادہ محمد بن سلمان نےا سٹیٹ بینک آف پاکستان میں سعودی عرب کی طرف سے بطور ڈیپازٹ رکھی گئی رقم کو بھی 5 ارب ڈالر تک بڑھانے پر غور کرنے کی ہدایت کی ہے۔

سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے گذشتہ سال 25 اگست کو پاکستان میں ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا حکم دیا تھا۔ شہزادہ محمد سلمان نے اسی سرمایہ کاری میں اضافے کے لئے جائزے کی ہدایت کی ہے۔ گزشتہ سال 2 دسمبر کو سعودی عرب نے پاکستان کے مرکزی بینک میں رکھے گئے 3 ارب ڈالر کی مدت میں مزید ایک سال تک کا اضافہ کر دیا تھا۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان نے نومبر 2021 میں سعودی ڈویلپمنٹ فنڈ کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کئے تھے جس کے تحت سعودی فنڈ نے 3 ارب ڈالر سٹیٹ بینک میں رکھے تھے۔ سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق سرمایہ کاری میں اضافے سے متعلق جائزے کا یہ اعلان ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور وزیر اعظم شہباز شریف کے درمیان رابطوں کے تناظر میں کیا گیا ہے۔