اسلام آباد۔14جولائی (اے پی پی):پاکستان زرعی تحقیقاتی کونسل اور ایکن فوڈز کے مابین معاہدہ، معاہدہ کے تحت سویابین دودھ کی معیاری پیداوار اور اس کی دیگر مصنوعات کی تیاری پر مل کر کام کیا جا ئے گا۔ پاکستان زرعی تحقیقاتی کونسل اور ایکن فوڈز کے مابین مفاہمتی معاہدے پر دستخط کیے گئے ہیں۔ اس معاہدے کا مقصدسویا بین کے دودھ کی معیاری پیداوار ، اس کے فروغ ، سویا طوفو کی تیاری اور اس کی ویلیو ایڈیشن کے ذریعے مصنوعات کی تیاری پر باہم مل کر کام کرنا ہے ۔معاہدے پر دستخط کرنے کیلئے بدھ کو ایکن فوڈز کی ڈائریکٹر ڈاکٹر عاصمہ نعمانی اور چیف ایگزیکٹو آفیسر علی خرم نعمانی نے پی اے آرسی صدر دفاتر کا دورہ کیا۔
انہوں نے چیئر مین پاکستان زرعی تحقیقاتی کونسل (پی اے آر سی ) ڈاکٹر محمد عظیم خان اور پی اے آرسی کے دیگر اعلی عہدیداران کی موجودگی میں ڈاکٹرسلطان طارق کمپنی سیکریٹری پیٹکو پی اے آرسی کے ساتھ معاہدے پر دستخط کئے۔ اس موقع پر ڈاکٹر محمد عظیم خان چیئر مین پی اے آرسی نے معاہدے کے متعلق اظہار خیال کرتے ہوئے بتایا کہ پی اے آرسی ان معاہدات کے ذریعے حفظان صحت کے اصولوں پر مبنی اشیاءخورد و نوش کو عوام تک پہچانے کے لئے پرعزم ہے۔
ان اشیاءکی تیاری پاکستان زرعی تحقیقاتی کونسل کے سائنسدانوں کی جانب سے ان کی زرعی تحقیق کو مد نظر رکھ کر کی جاتی ہے۔ زرعی کونسل کے سائنسدانوں کی تحقیق پر مبنی یہ اشیاءاب عام پبلک کے لئے پی اے آرسی کے مختلف ڈسپلے سینٹرز پربھی دستیاب ہیں۔پی اے آرسی اور ایکن کے درمیان معاہدہ سویا دودھ کی معیاری پیداوار اور اس کی ویلیو ایڈیشن کے ذریعے مختلف مصنوعات کی تیاری جیسے اقدامات بھی اسی سلسلے کی سرگرمیوں کی ایک کڑی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سویا دودھ پودوں سے آتا ہے اور قدرتی طور پر کولیسٹرول سے پاک ہوتا ہے، سویابین عمدہ پروٹین کا ذخیرہ ہے نیز سویابین غذائیت کے لحاظ سے گوشت ، دودھ ، پنیر اور انڈے سے بھی بڑھ کر ہے۔ اس موقع پر ایکن فوڈز کی ڈائریکٹر ڈاکٹر عاصمہ نعمانی نے چیئر مین پی اے آر سی ڈاکٹر محمد عظیم خان سے اظہارتشکر کرتے ہوئےکہا کہ چیئر مین پی اے آرسی نے دونوں اداروں کے مابین مفاہمتی یاداشت پر دستخط کے لیے آمادگی ظاہر کی اور انہوں نے پی اے آر سی کی ملکی زرعی شعبے کی ترقی کے لیے کی جانے والی خدمات کی بھی تعریف کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کا ادارہ پی اے آرسی انتظامیہ کی جانب سے کئے گئے اعتماد پر پورا اترنے کی بھر پور کوشش کرے گا اور سویابین سے تیار کردہ مصنوعات کی تیاری اور فروغ کیلئے بھرپور محنت سے کام کرے گا۔