پاکستان سمیت دنیا بھرسے آئے 20 لاکھ سے زائد عازمین آج(جمعرات9ذی الحج ) کو منیٰ سے وقوف عرفہ کیلئے میدان عرفات پہنچیں گے

مکہ المکرمہ ۔ 30 اگست (اے پی پی) پاکستان سمیت دنیا بھرسے حجاز مقدس پہنچنے والے 20 لاکھ سے زائد عازمین آج(جمعرات9ذی الحج ) کو منیٰ سے وقوف عرفہ کیلئے میدان عرفات پہنچیں گے۔میدان عرفات میں ظہر اور عصر کی نماز ایک ساتھ ادا کرنے اور مسجد نمرہ میں سعودی عرب کے مفتی اعظم کا خطبہ حج سننے کے بعد عصر اور مغرب کے درمیان وقوف ہوگا جس میں اﷲ رب العزت کے حضور حجاج کرام ذکر و تسبیح کے ساتھ ساتھ خصوصی دعائیں کریں گے۔ نماز مغرب سے قبل میدان عرفات چھوڑنے کا حکم ہے۔ ایک ساتھ 20 لاکھ افراد میدان عرفات سے مزدلفہ روانہ ہوں گے۔ مزدلفہ پہنچ کر حجاج کرام مغرب اور عشاءکی نماز ایک ساتھ ادا کریں گے اور رات کھلے آسمان تلے قیام اور نماز فجر کی ادائیگی کے بعد منیٰ میں قائم اپنے اپنے خیموں میں جائیں گے۔ قربانی کے بعد بال منڈوائیں گے۔ پہلے دن شیطانوں کو کنکریاں مارنے کے بعد حجاج مسجد الحرام میں طواف اور زیارت کر سکتے ہیں۔ اس کے بعد دوسرے اور تیسرے دن بھی شیطان کو کنکریاں مارنا حج کے رکن اعظم میں شمار ہوتا ہے اور تینوں دن منیٰ میں رات کا ایک خاص پہر گذارنا تمام عازمین حج پر واجب ہے۔ تیسرے دن شیطان کو کنکریاں مارنے کے بعد تمام حاجی مستقل طور پر منیٰ سے مکہ روانہ ہوں گے۔ اس طرح مناسک حج کی تکمیل ہو جائے گی۔