پاکستان سمیت دنیا بھر سے آئے ہوئے حج زائرین کی بڑی تعداد  مدینہ منورہ میں مقدس زیارات پر پہنچ گئی

269

مدینہ  منورہ۔15جون  (اے پی پی):پاکستان سمیت دنیا بھر سے آئے ہوئے حج زائرین کی بڑی تعداد  مدینہ منورہ میں مقدس زیارات پر پہنچ گئی ۔ بدھ کو ’’اے پی پی ‘‘کے سروے کے مطابق حج کے موقع پر پاکستان سمیت دنیا بھر سے مدینہ منورہ آئے ہوئے زائرین کی بڑی تعداد نےمدینہ منورہ کے مقدس مقامات کی زیارت کی ۔

اس موقع پر عازمین حج مسجد قبا ، مسجد جمعہ ، غزوہ خندق کے تاریخی مقام پرتعمیر کی گئی مساجد مسجد صبا اور مسجد فتح سمیت دیگر تاریخی مقامات پر گئے اور نبی پاک کی ہر ہر مقام سے گہری نسبت کی بنا پر اپنی محبتوں اور عقیدتوں کے پھول نچھاور کئے ۔ رسول اللہ کے فرمان کے مطابق زائرین نے مسجد قبا میں نوافل کی ادائیگی کی کیونکہ یہاں دو رکعت نماز نوافل کی ادائیگی کا ثواب ایک مقبول عمرے کے برابر ہے ۔

واضح رہے کہ رسول اللہ جب مکہ سے ہجرت کرکے مدینہ تشریف لائے تو آپ کی اونٹنی قبا کے مقام پر رکی اور آپؐ نے تین روز تک  حضرت ام کلثوم کے گھر قیام فرمایا ، مسجد جمعہ اس مقام پر تعمیر کی گئی ہے جہاں مدینہ پہنچنے پر آپ ﷺ نے مدینہ میں جمعہ کا خطبہ دیا اور نماز جمعہ پڑھائی ۔

اسی طرح غزوہ خندق کے مقام پر بنائی گئی مسجد صبا اور مسجد فتح کی تاریخی اہمیت تاریخ کے اوراق میں محفوظ ہے ۔ سعودی حکومت نے بھی خندق کے پہاڑوں اور اس سے وابستہ تاریخی ورثے کو زیادہ سے زیادہ محفوظ رکھنے کے لئے اقدامات اٹھائے ہیں ۔