پاکستان اور جاپان کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 70 ویں سالگرہ کے موقع پر ٹوکیو میں یادگاری ڈاک ٹکٹ کی تقریب رونمائی

پاکستان اور جاپان کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 70 ویں سالگرہ کے موقع پر ٹوکیو میں یادگاری ڈاک ٹکٹ کی تقریب رونمائی

اسلام آباد۔15جون (اے پی پی):پاکستان اور جاپان کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 70 ویں سالگرہ کے موقع پر یادگاری ڈاک ٹکٹ کی تقریب رونمائی بدھ کو جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں پاکستانی سفارت خانے میں ہوئی۔ پاکستانی سفارتخانے کی طرف سے جاری بیان کے مطابق تقریب میں جاپانی حکومت کے افسران، ماہرین تعلیم، تھنک ٹینکس، میڈیا اور کاروباری شخصیات، سفارتی کور کے اراکین اور پاکستانی کمیونٹی سمیت لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کے بعد جاپان اور پاکستان کے قومی ترانے بجائے گئے۔ اس موقع پر ڈی جی پاکستان پوسٹ اختر حسن نے شرکاءکو پاکستان پوسٹ کی تاریخ کے بارے میں آگاہ کیا۔ ڈائریکٹر جنوب مشرقی اور جنوب مغربی ایشیائی امور ڈویژن برائے وزارت خارجہ جاپان حسیبی جون نے اس موقع پر پاکستان اور جاپان کےتعلقات کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

پاکستان کی ناظم الامور عصمت حسن سیال نے تقریب کے شرکاءکو خوش آمدید کہا اور اس اہم تقریب میں ان کی شرکت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان قریبی، تاریخی، سیاسی، تجارتی اور کاروباری تعلقات پر روشنی ڈالی۔ تقریب میں پاکستان جاپان تعلقات اور پاکستان کی سیاحتی صلاحیت پر دستاویزی فلمیں دکھائی گئیں۔ سفارت خانے نے ڈاک ٹکٹ کی نمائش کا بھی اہتمام کیا۔

مہمان بعد میں شاندار پاکستانی کھانوں سے بھی لطف اندوز ہوئے۔ تقریب نے پاکستانی اور جاپانی معاشروں کے درمیان روابط کے متعدد پہلوئوں کو ظاہر کرنے میں مدد کی اور شرکاء کی طرف سے اسے خوب سراہا گیا۔