راولپنڈی ۔17مئی (اے پی پی):پاکستان سپر لیگ سیزن 10 کا رنگا رنگ میلہ ایک مرتبہ پھر راولپنڈی میں سج گیا ہے۔ کراچی کنگز اور پشاور زلمی کے مابین میچ کے آغاز سے قبل ایک روح پرور تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں، آفیشلز اور شائقین نے بھرپور انداز میں پاکستان کی مسلح افواج کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
قومی پرچموں سے سجاپنڈی اسٹیڈیم "پاکستان زندہ باد” کے نعروں سے گونج اٹھا جبکہ قومی ترانے کی گونج نے ماحول کو مزید پرجوش بنا دیا۔ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی بھی اس خصوصی تقریب میں شریک ہوئے اور انہوں نے شہداء وطن کی عظیم قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ قوم اپنے سپاہیوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ کھیل اور قومی جذبہ ساتھ ساتھ چلتے ہیں اور آج کا منظر اس کی بہترین مثال ہے۔ تقریب کے اختتام پر شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا جس نے آسمان پر رنگوں کی دلکش بہار بکھیر دی۔
شائقین کرکٹ نے اس موقع پر بھرپور جوش و جذبے کا اظہار کیا جس سے ثابت ہوا کہ پاکستان میں کھیل صرف تفریح نہیں بلکہ قومی اتحاد و یکجہتی کا مظہر بھی ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=598244