اسلام آباد۔29دسمبر (اے پی پی):پاکستان نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں تین بے گناہ کشمیری مزدوروں کے ماورائے عدالت قتل کی بین الاقوامی سطح پر آزادانہ تحقیقات کے اپنے مطالبے کا اعادہ کیا۔ تینوں کشمیری مزدوروں کو بھارتی قابض فورسز نے رواں سال جولائی میں شوپیان میں ہونے والے ایک جعلی مقابلے میں شہید کردیا تھا۔منگل کو ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں مزدوروں کی جعلی مقابلے میں ہلاکت کا انکشاف،کشمیری عوام کے خلاف ہونے والے بھارتی جرائم کا واضح ثبوت ہے۔ترجمان نے کہا کہ کشمیری عوام کے خلاف بھارتی جرائم کی فہرست بہت طویل ہے۔ترجمان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں پچھلے ایک سال کے دوران خواتین اور بچوں سمیت 300 سے زائد بے گناہ کشمیریوں کو جعلی مقابلوں میں شہید کیا گیا ہے۔پاکستان مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قابض افواج کی جانب سے بے گناہ کشمیریوں کے ماورائے عدالت قتل وغارت گری کی طرف مسلسل عالمی برادری کی توجہ مبذول کرا رہا ہے جبکہ اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کے دفتر نے کشمیر سے متعلق 2018 اور 2019 کی اپنی دو رپورٹس میں بھی ماورائے عدالت قتل کا اعتراف کیا ہے۔پاکستان نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیری عوام کے خلاف جرائم پربھارت کا احتساب کریں اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق جموں و کشمیر تنازعہ کے حل کے لئے کام کرے۔